کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ایک ایسی فلم جسے پاکستانیوں کو شدت سے انتظار تھا یعنی ”کہے دل جدھر“ اب منظر عام پر آنے والی ہے اور شائقین اسے 17دسمبر کو پاکستان بھر کے سینماؤں میں دیکھ سکیں گے۔ حال ہی میں اس فلم کا دلکش ٹائٹل سانگ ”کہے دل جدِھر“ لانچ کیا گیا جسے کامران باری جو اس فلم کے پروڈیوسر بھی ہیں‘ وقاص قادر شیخ اور عاطف علی نے گایا ہے۔ یہ ٹریک عدیل پی کے نے پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات میں عکس بند کیا ہے جبکہ موسیقی عاطف علی اور گانے کے بول عرفان مغل کے ہیں۔یہ ایک انتہائی حوصلہ افزاء‘ روح پرور اور خوبصورت انداز میں فلمایا گیا گانا ہے جس میں چار دوستوں منشا پاشا‘ جنید خان‘ روما مائیکل اور کامران باری کے سفر کو دکھایا گیا ہے۔گانے کے لئے منتخب کردہ سنیماٹو گرافی اور مقامی مقامات ہمارے شمالی علاقوں میں چھٹیوں پر جانے والوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کافی ہیں جب کہ گانے منظر نامے میں ان دوستوں کی دوستی کے خوبصورت انداز کالج کے لاپرواہ دنوں کی یاد دلانے کے لئے کافی ہیں۔ اس گانے کے ذریعے زندگی سے لطف اندوز ہونے کی جو بات کی ہے وہ سننے میں نہ صرف اچھا لگتا ہے بلکہ دل چاہتا ہے کہ اسے بار بار سنا جائے۔ وجدان فلمز کی پروڈیوس کردہ اور جلال رومی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں ڈینو علی‘ عتیقہ اوڈھو اور ساجد حسن نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ نے فلم ”کہے دل جدِھر“ میں منشیات سے متعلق جرائم کے موضوع کو انتہائی جرات مندانہ اور دلیرانہ انداز فلماتے ہوئے اسے ناظرین کے سامنے پیش کیا ہے۔ اُمید ہے کہ یہ فلم عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔