تازہ ترین
Home / اہم خبریں / عوام سوچ سمجھ کے اپنے لیڈرز کا انتخاب کریں، یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ الطاف شکور چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

عوام سوچ سمجھ کے اپنے لیڈرز کا انتخاب کریں، یہ پاکستان کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ الطاف شکور چیئرمین پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی

کراچی (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ عوام اس بار بہت سوچ سمجھ کر اپنے لیڈرز منتخب کریں کیونکہ یہ پاکستان اور ان کی آئندہ نسلوں کے مستقبل کا معاملہ ہے۔ پاکستانی قوم تین سیاست دانوں کے ٹرائیکا میں بری طرح پھنس گئی ہے، اب عوام کو اپنے درمیان سے نئے چہرے لانا ناگزیر ہوگیا ہے۔ اس سے پہلے کہ یہ حکومت سانپ کے منہ میں چھچھوندر بن جائے، انتخابات کا فوری اعلان کیا جائے۔ چیف الیکشن کمشنر، عدلیہ اور اسٹیک ہولڈرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ الیکشن میرٹ پر ہو، ماضی کی طرح پیسوں کا کھیل نہ بن جائے، موجودہ (ن) لیگ حکومت نے پینتیس منسٹرز اور منسٹر آف اسٹیٹ کا اعلان کر دیا ہے جبکہ ابھی مزید اضافہ متوقع ہے۔ آٹھویں ترمیم کے بعد جب بہت سے معاملات صوبوں کے سپرد کر دئیے گئے ہیں تو وفاق میں وزارتوں کی اتنی بڑی فوج ظفر موج کی کیا ضرورت ہے؟ پاکستان کے آمدنی کے ذرائع کو مال مفت اور دل بے رحم کے حساب سے بے دریغ اور بلا خوف و خطر لٹایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: اُمّ المومنین سیدہ عائشہ صدیقہؓ کی سیرت و کردار خواتین عالم کیلئے مشعل راہ ہے۔ متحدہ علماء محاذ
https://www.nopnewstv.com/seminar-organized-by-mum ‎

شہباز شریف حسب توقع عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ کیا پراجیکٹس روزانہ کے حساب سے مکمل ہو رہے ہیں کہ ہر روز فیتے کاٹے جا رہے ہیں؟ شریف اینڈ فیملی نوسربازوں کا ٹولہ ہے۔ یہ دائیں طرف دکھاتے ہیں تو بائیں طرف واردات کرتے ہیں۔ نواز شریف کو کورٹ نے سزا دی ہے اور ایسے مجرم کو ڈپلومیٹک پاسپورٹ کا اجرا ملک کے وقار کو مجروح کر رہا ہے۔ مریم نواز ایک سزا یافتہ خاتون ہیں وہ کس حیثیت میں وزیر اعظم ہاؤس میں رہتی ہیں؟ شہباز شریف روزوں میں جھوٹ بول کر عوام کا روزہ مکروہ نہ کریں۔ شہباز شریف اعلان کے باوجود توشہ خانہ کے حساب کا اعلان کیوں نہیں کر رہے ہیں؟ خود انہوں نے اور ان کی پارٹی نے کتنے تحائف ہڑپ کئے ہوئے ہیں؟ جب صورت حال یہ ہے تو پاکستان کو امارت پاکستانی ڈیکلئیر کر دیا جائے۔ جس دن گیم اوور ہوگا، ضمانتیں منسوخ ہو جائیں گی، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ دونوں جیل میں ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے گذشتہ شب بلدیاتی انتخابی مہم کے سلسلہ میں دورہ کورنگی صنعتی ایریا، مہران ٹاؤن کے موقعہ پر مختلف سیاسی و سماجی زعماء، پاسبان ذمہ داران اور ورکرز سے ملاقاتوں میں کیا۔ اس موقعہ پر ان کے ہمراہ پی ڈی پی کے وائس چیئرمین پولیٹیکل افیئرز سہیل یعقوب، سینیئر رہنما وسیم الدین شیخ اور سردار ذوالفقار، ارشاد علی شیخ سمیت پاسبان ورکرز بھی موجود تھے۔ علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے پاسبان کی ٹیم کو اپنے مسائل و شکایات سے آگاہ کیا۔ جن میں ترقیاتی فنڈز میں خرد برد، سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت، خستہ حال اور بہتی ہوئی گٹر لائنیں اور منتخب نمائندوں کی بھتہ خوری جیسی شکایات شامل تھیں۔

چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ پاکستان میں حکومتیں سازشوں کے زیر سایہ ہی پلتی ہیں اور پلٹتی ہیں۔ ملک میں حقیقی جمہوریت نہیں ہے۔ پاکستان میں دو سو رجواڑے ہیں اور ان کی تائید سے بادشاہ منتخب ہوتا ہے۔ مستعدی کے ساتھ باڈی گارڈ کے فرائض انجام دینے کے باوجود کیپٹن صفدر کو سائیڈ لائن کرنا معنی خیز ہے۔ ابھی سانجھے کی ہنڈیا نہ صرف یہ کہ چوراہے پر پھوٹے گی بلکہ وزارتوں کے معاملے میں سر پھٹول بھی ہوگا۔ جن ممبران کو ابھی کوئی وزارت نہیں ملی ہے انہیں بہت جلد جوتیوں میں دال بانٹی جائے گی۔

سہیل یعقوب نے کہا کہ ملک میں صرف دو برادریاں ہیں ایک ظالم اور دوسری مظلوم۔ اب یہ عوام کو طے کرنا ہے کہ وہ کس کے ہاتھ میں اقتدار دیکھنا چاہتے ہیں؟ ظالموں کے جو ستر سالوں سے اس ملک پر قابض ہو کر عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں؟ یا اپنے جیسے مظلوموں کے ہاتھ میں جو اقتدار کے ایوانوں میں جا کر ان کے حق کے لئے آواز بلند کرسکیں؟ اللہ کا فرمان ہے کہ اگر مظلوم ہو تو ظالم کے آگے ڈٹ کر کھڑے ہوجاؤ۔ وسیم الدین شیخ نے کہا کہ عوام دھوکہ نہ کھاتے ہوئے "اب کی بار ایماندار” کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے لیڈر کا چناؤ کریں۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی انتقال کرگئے

کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما و …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے