کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی ضلع ملیر پولیس نے منشیات کی سپلائی کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون سمیت 5 ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2 کروڑ روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی۔ اسٹیل ٹاؤن پولیس نے خفیہ اطلاع پر ٹول پلازہ کے قریب لنک روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے رکشہ نمبر ڈی 10613 اور مزدا ٹرک ٹی کے یو 546 پر چھاپہ مارکر 24 کلو 495 گرام چرس، 3 کلو 775 گرام آئس، 3 کلو 195 گرام ہیروئن اور 1 کلو 40 گرام کرسٹل برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق برآمد کی جانے والی منشیات کی مالیت 2 کروڑ روپے سے زائد ہے، ملزمان منشیات رکشے اور ٹرک کے خفیہ خانوں میں چھپا کر شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کے لیے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران خاتون شیریں بی بی زوجہ محمد طاہر اور 4 ملزمان حمید اللہ ولد خاصہ در، محمد اختر ولد گل محمد، سید فاروق شاہ ولد عقیق شاہ اور بشیر ولد محمد شریف شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش حاجی نعمت نامی شخص کی منشیات سپلائی کرنے کا انکشاف کیا ہے جبکہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔