کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بھٹائی رینجرز سندھ 72 ونگ کے اشتراک اور آفیشل اسپانسر ٹاپ سٹی کے تعاون سے سے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں یوم جناح ال کراچی انٹر ڈسٹرکٹ ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاح میچ اندرون سندھ لیپرڈ اور ڈسٹرکٹ سینٹرل شارکس کے درمیان کھیلا گیا، ٹورنامنٹ کا افتتاح کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے گیند کو ہٹ لگا کر کیا، اس موقع پر سیکٹر کمانڈر بھٹائی رینجرز بریگیڈیئر محمد شبیر خان، ونگ کمانڈر 72 ونگ بھٹائی رینجرز سندھ لیفٹینٹ کرنل مصور عباس، ٹورنامنٹ میں شریک مختلف ٹیموں کے مینٹور اولمپیئز حنیف خان، ناصر علی، افتخار سید، انٹر نیشنل گولڈ میڈلسٹ جمیل احمد خان، انٹرنیشنل خالد جونیئر، کے ایچ اے کے چیئرمین گلفراز احمد خان، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر و سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین، سینئر نائب صدر ڈاکٹر ایس ماجد سمیت دیگر بھی موجود تھے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر و کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین نے ٹورنامنٹ کے دوران شائقین ہاکی کو اسپورٹس کمپلیکس آنے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کا اقدام ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری کا قابل تحسین اقدام ہے، ہاکی فیڈریشن کے ویژن کے مطابق یہ ٹورنامنٹ شہر میں ہاکی کی بحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان کی تاریخ میں ڈسٹرکٹ کی سطح پر پہلی بار ونر ٹیم چھ لاکھ اور رنرزاپ ٹیم کو 3 لاکھ روپے کیش ایوارڈ دیئے جائیں گے، ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو پانچ ہزار روپے کیش جبکہ بہترین گول کیپر، ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی اور ٹاپ اسکورر نئی موٹر سائیکل کے حقدار ہونگے، ٹورنامنٹ میں اندرون سندھ کے 30 سے زیادہ کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آرہے ہیں۔ ان کھلاڑیوں کو مختلف ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے، میچ کے اغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کئے، پہلے ہاف کے کھیل کے دوران اندرون سندھ لیپرڈ نے محمد اسرار کی جانب سے 15 ویں منٹ میں کئے جانے والے گول کے باعث 0-1 کی برتری حاصل کرلی تاہم ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی شارکس کے ارسلان حیدر نے 18 ویں اور 20 ویں منٹ میں دو خوبصورت گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-2 کی برتری دلادی، دوسرے ہاف میں فاتح ٹیم نے دباؤ بڑھاتے ہوئے مخالف کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا، جس کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے ارسلان حیدر نے 37 ویں منٹ میں مزید ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-3 سے کامیابی دلانے کے ساتھ ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹرک کا اعزاز اپنے نام کرلیا، ٹورنامنٹ کی پہلی ہیٹرک اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے پر ارسلان حیدر کو میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔