کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ڈھرکی ٹرین حادثے میں سندھی بھائیوں نے متاثرین کی مدد کر کے پورے پاکستان کے عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ موجودہ سندھ حکومت کی بارہ سالہ تعصب پر مبنی حکمرانی سے کراچی اور حیدرآباد کے لوگوں میں جو بدگمانیاں اور مایوسی پیدا ہوئی تھی وہ سندھی بھائیوں کے جذبہ ایثار نے ختم کر دی ہے۔ مہاجر اور سندھی بھائی بھائی ہیں نہ کوئی طاقت مہاجروں کو سمندر میں دھکیل سکتی ہے اور نہ کوئی سازش سندھیوں کو دیوار سے لگا سکتی ہے۔ ہمارے سیاست دان علامہ اقبال کے دو قومی نظریہ کو پروان نہیں چڑھا رہے ہیں بلکہ قوم کو عصبیت کی بنیاد پر تقسیم کر رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نون اور ایک کیو ایم اور دوسری اس طرح کی پارٹیاں عصبیت کی پیداوار ہیں۔ عوام ان کو الیکشن میں مسترد کر دیں۔ یہ خون خرابہ کر کے اپنی سیاست کو گرم رکھتے ہیں۔ ڈھرکی کے لوگوں کے جذبے کی سرکاری سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ بیڈ گورننس اور کرپشن پر سخت ایکشن لیا جائے تاکہ صوبے کے عوام کو ریلیف مل سکے۔ پاسبان اسٹیئرنگ کمیٹی کی آن لائن میٹنگ میں ڈھرکی ٹرین حادثہ اور مقامی لوگوں کے جذبہ ہمدردی کی تعریف کرتے ہوئے پی ڈیپی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ سندھ بھائیوں کا شکریہ ڈھرکی حادثے میں خدمت اور ایثار کے بے مثال مظاہرہ پر ہم ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں اور ان میں آپس میں کوئی تفرقہ نہیں ہے۔ مسلمان ایک ہزار سال تک مشترکہ ہندوستان میں پیار و محبت کے ساتھ رہے حتی کہ ہندو اکثریت کا احترام کرتے ہوئے کبھی اس کا نام بھی تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ پھر مسلمانوں میں آپس میں کیسے تفرقہ پیدا ہو سکتا ہے؟ سیاست دانوں نے خوف کا ماحول پیدا کرکے عصبیت کو فروغ دیا ہے۔ جب مشکل وقت آتا ہے تو عوام نے ہمیشہ ثابت کیا کہ وہ بلا امتیاز مذہب اور زبان صرف مسلمان ہیں۔ پاسبان نے محمد بن قاسم اور ہوش محمد شیدی اور غازی عبد القیوم شہید پر پروگرام کرکے ہمیشہ پاکستان کے اصل ہیروز کے کردار کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ سندھ کے باسیوں کی مہمان نوازی اور جذبہ ایثار کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔ سندھ کے شہری اور دیہی عوام مل کر صوبہ کی خدمت کریں گے۔ پاکستان میں مبنی بر انصاف نظام کا قیام ہونا چاہئے۔ لوٹ کھسوٹ کی سیاست کا باب عوام ہمیشہ کے لئے بند کر دیں۔