Home/اہم خبریں/کنٹریبوشن کی مد میں 1 لاکھ روپے تک کی ادائیگی آن لائن ہوگی، ویب سائٹ اور چلان پر حکام کی ہراسگی کی شکایات درج کی جاسکتی ہیں۔ چیئرمین ای او بی آئی
کنٹریبوشن کی مد میں 1 لاکھ روپے تک کی ادائیگی آن لائن ہوگی، ویب سائٹ اور چلان پر حکام کی ہراسگی کی شکایات درج کی جاسکتی ہیں۔ چیئرمین ای او بی آئی
کراچی (نوپ نیوز) انڈسٹری کی جانب سے ملازمین کی فلاح و بہبود اور پینشن کی مد میں کنٹریبوشن کی ایک لاکھ روپے تک کی ادائیگی آن لائن طریقے سے ہوگی، ای او بی آئی حکام کی جانب سے ہراسگی کی شکایات ویب سائٹ اور چلان پر درج کی جاسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹ انسٹیٹیوشن (ای او بی آئی) شکیل احمد مگنیجو نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر سلمان اسلم، کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا، کاٹی کی سینئر نائب صدر ماہین سلمان، نائب صدر فرخ قندھاری، قائمہ کمیٹی کے چیئرمین زاہد سعید، مسعود نقی، سابق صدر دانش خان، فرخ مظہر، احتشام الدین، شیخ فضل جلیل، ڈائریکٹر جنرل ای او بی آئی ڈاکٹر جاوید شیخ، ریجنل ہیڈ فیصل مرتضیٰ، ڈپٹی ریجنل ہیڈ بدر شیخ و دیگر ممبران موجود تھے۔ چیئرمین ای او بی آئی شکیل مگنیجو کا کہنا تھا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں انڈسٹری کے ساتھ مشاورت سے مسائل حل کریں گے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں حکومت، صنعتکار، ملازمین اور ای او بی آئی کے نمائندے موجود ہوں گے، کمیٹی آڈٹ سمیت دیگر مسائل اور امور پر لائحہ عمل طے کرے گی۔ صنعتکاروں کو ہراساں کرنا قابل قبول نہیں، چاہتے ہیں کہ ملک کی صنعتیں ترقی کریں تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ چیئرمین ای او بی آئی نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ کنٹریبوشن ادا کرنے والی صنعتوں سے ہی مزید وصولیاں کی جاتی ہیں۔ سیلف اسیسمنٹ اسکیم میں آڈٹ کرانے والے صنعتکاروں کو 2 سال کا ریلیف دیں گے۔ اس سے قبل کاٹی کے صدر سلمان اسلم نے شکیل مگنیجو کو کاٹی آمد پر خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی صنعتی علاقے میں ملازمین کی بڑی تعداد روزگار کیلئے آتے ہیں، تاہم ملازمین کا یہی شکوہ ہوتا ہے کہ ای او بی آئی سے انہیں رقم وقت پر اد نہیں کی جاتی جبکہ واجبات بھی کاٹ لئے جاتے ہیں۔ صدر کاٹی نے کہا کے صنعتکاروں کی جانب سے بھی شکایات موصول ہوتی ہیں کہ ای او بی آئی حکام ہراساں کرتے ہیں۔ سلمان اسلم نے امید ظاہر کی کہ شکیل مگنیجو صنعتکاروں اور ملازمین کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ کائٹ کے سی ای او زبیر چھایا کا کہنا تھا کہ کورنگی انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے ای او بی آئی کاٹی میں اپنا فوکل پرسن مقرر کرے۔ صنعتکاروں کو واجبات کی ادائیگی کیلئے سہولت فراہم کی جائے، انہوں نے تجویز دی کہ ای او بی آئی کوئی ایسی ایمنسٹی اسکیم دے جس سے صنعتکار اپنے واجبات ادا کر سکیں۔ سابق صدر اور قائمہ کمیٹی کے چیئرمین زاہد سعید کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی فنڈ بڑھانے کیلئے نئی صنعتوں کو بھی شامل کرے جو صنعتکار پہلے ہی کنٹریبوشن ادا کر رہے ہیں ان پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ای او بی آئی اور صنعتکاروں کے درمیان قانونی چارہ جوئی کا حل نکالا جائے۔