Home / اہم خبریں / گیس کی بندش کے خلاف لیاری کے مکین سڑکوں پر آگئے، گیس کی بلاتعطل فراہمی کی جائے۔ طارق چاندی والا

گیس کی بندش کے خلاف لیاری کے مکین سڑکوں پر آگئے، گیس کی بلاتعطل فراہمی کی جائے۔ طارق چاندی والا

کراچی (نوپ نیوز) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا نے کہا ہے کہ گیس کی بندش کے خلاف شہری سڑکوں پر آگئے ہیں۔ اگر گیس کی بندش کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو شہری حکومتی ایوانوں اور گیس کمپنی کے دفتر کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہوں گے۔ حکومت نے گیس کی بندش شروع کرکے مہنگائی کے مارے شہریوں پر ظلم کیا ہے۔ گھروں میں بچے بھوک سے بلبلا رہے ہیں۔ گھریلو خواتین کو امور خانہ داری میں دشواری ہو رہی ہے۔ اس بدترین مہنگائی کے دور میں شہری صبح کا ناشتہ اور کھانا ہوٹلوں سے خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ اکثر گھرانے فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ حکومت ظالمانہ اقدامات بند کرے اور گھریلو صارفین کو بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائے۔ گیس کی بندش سے شہریوں کی جیبوں پر بھاری اخراجات کا بوجھ پڑ رہا ہے اور عوام کی معاشی حالت روز بروز بگڑ رہی ہے۔ عوام کو اس قدر مجبور نہ کیا جائے کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے لئے حکومتی ایوانوں میں گھسنے پر مجبور ہو جائیں۔ وہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام زونل آفس لیاری ٹاؤن کے سامنے احتجاجی مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے سینئر رہنما عارف جلب، فضل ربی خان اور لیاری کے رہنما قمر بلوچ اور مضان بلوچ نے بھی خطاب کیا جبکہ لیاری کے سینئر رہنما انیس جلب، سمیر بلوچ، امیر کوہی، اسلم افغانی، منیب الرحمن، مشتاق پشاوری، رفیق بلوچ، یونس گھانچی، یاسین میمن و دیگر بھی موجود تھے۔ عارف جلب نے کہا کہ لیاری کے علاقے چاکیواڑہ، جمن شاہ پلاٹ، غلام شاہ لین، عید گاہ لین، جٹ پٹ مارکیٹ، غریب شاہ، نوالین، بکرا پیڑی، بہار کالونی، ہنگورا آباد، کلری احمد شاہ بخاری روڈ، پھول پتی لین، عیدو لین، علی محمد محلہ، رانگی واڑہ، گل محمد لین، شاہ بیگ لائن، بغدادی، موسیٰ لین، نیا آباد، کھڈہ مارکیٹ سمیت لیاری کے اکثر علاقوں میں دن بھر گیس غائب رہتی ہے۔ لیاری کے مکین غریب اور مزدور پیشہ ہیں۔ محدود آمدنی میں ہوٹلوں سے کھانا خریدیں، بچوں کے اسکولوں کی بھاری فیسیں ادا کریں، گیس نہ ہونے کے باوجود گیس کے بھاری بلز بھریں یا پھر اپنے بچوں کے مستقبل کا سوچیں؟ پی پی پی اور پی ٹی آئی کی حکومت نے عوام کا بیڑہ غرق کرکے انہیں قلاش کردیا ہے۔ نام نہاد سیاستدان صرف ووٹ لینے لیاری آتے ہیں۔ ووٹ لینے کے بعد حکومتی ایوانوں میں پہنچ کر اگلے الیکشن تک دوبارہ کبھی لیاری کارخ تک نہیں کرتے۔ پی پی پی اور پی ٹی آئی کے وزراء ایوانوں میں بیٹھ کر لذیذ ناشتہ کرتے ہیں، دوپہر اور رات کا کھانا کھاتے ہیں۔ انہیں لیاری کے غریب عوام کی پرواہ ہی نہیں ہے۔ اب لیاری والوں کو اپنے ہمدردوں کو پہنچاننا ہوگا۔مظاہرین نے "گھریلو صارفین کو گیس دو، ورنہ کرسی چھوڑ دو”، "حکمرانوں لیاری والوں پر رحم کرو، صرف ووٹ کے لئے اب رخ نہ کرو” کے نعرے لگائے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11: 26 میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل نہایت دلچسپ مرحلے میں داخل

کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 11 کے 26 میچز …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے