کراچی (نوپ نیوز) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا سمیع الحق سواتی نے کہا ہے کہ پاکیزگی حیا اور حجاب کے نظام میں پوشیدہ ہے۔ این جی اوز اور ان کے کارندے حجاب کے حوالے سے منفی پروپیگنڈہ ترک کریں، ہراسمنٹ اور زیادتی کے واقعات کے تدارک کے لیے معاشرے کو حجاب کے نظام کے فوائد سے آگاہ کرنا ہوگا۔ حجاب خواتین کیلئے خطرہ نہیں ان کے تحفظ کا ضامن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد صدیق اکبر جونجھارگوٹھ عقب نئی سبزی منڈی کراچی میں جے یو آئی کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر یوم حجاب کے موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، واضح رہے کہ جمعہ کو مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی یوم حجاب بھر پور انداز میں منایا گیا۔
اس موقع پر جے یو آئی رہنماؤں نے یوم حجاب اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاب مسلم خواتین کا شعار ہے۔ ترقی کے نام پر عورت کے بے حجاب کرنے کے مغرب کے آلہ کاروں کے مذموم ایجنڈے کی کھل کر مزاحمت کرنا ہو گی۔ سازش کے تحت مسلم معاشرہ اپنی اصل پہچان کھوتا جا رہا ہے اور مخلوط معاشرے کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے، جے یو آئی رہنماؤں نے کہا کہ اسی مخلوط معاشرے میں غیرت ایمانی سے سرشار وہ لوگ خراج تحسین کے مستحق ہیں جن کی وجہ سے کفر و اسلام کا فرق واضح نظر آرہا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام اس تہذبی وار میں مغرب کو للکارتے ہوئے اس کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔ آج کا دن اسلامی تہذیب و ثقافت کو اُجاگر کرنے کا دن ہے دنیا بھر کی خواتین کے لیے پیغام امن و آتشی کی نوید سناتا ہے یوم حجاب مسلمانوں کے لیے عزت و افتخار کا دن ہے۔ فحش لٹریچر، شہوت پرستی، عریانیت کو فروغ مغربی تہذیب کی پہچان بن گئی ہے۔ مغرب نے عورت کو کمائی کی انڈسٹری بنا دیا ہے، اسلام حجاب کو فروغ دیکر امت مسلمہ کی خواتین کو جو عزت و احترام دے رہا ہے وہ اب تک دنیا کا کوئی اور مذہب نہیں دے سکا۔