ٹنڈو آدم (رپورٹ: رضوان احمد غوری) گورنمنٹ انصارالسلام پرائمری اسکول ٹنڈو آدم کے ٹیچر ماسٹر محمد طاہر شیخ اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہوگئے۔ ان کے اعزاز میں اسکول میں ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا آنے والے معزز مہمانوں کا استقبال اسکول ہذا کے ہیڈ ماسٹر اسلم پٹھان اور دیگر اساتذہ کرام نے کیا، تقریب کے مہمانانِ گرامی پ ٹ الف کے رہنما لکھا ڈنو خاصخیلی، رفیق بجورو، جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد عادل، صدر تنظیم اساتذہ ٹنڈو آدم عریف اللہ سیفی، انجمن تاجران کے صدر اقبال بھٹی، اشتیاق بھیا، عبدالغفور انصاری، صحافی رضوان احمد غوری بھی تھے اس پر وقار تقریب میں اسکول ہذا کے اساتذہ اکرام، سمیت علاقہ بھر کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچر محمد طاہر شیخ بڑے ذمہ دار اور محنتی تھے وہ ہمیشہ بچوں کے ساتھ محبت اور شفقت سے پیش آتے رہے، ان کی اسکول ہذا کے لئے گراں قدر خدمات ہیں اسکول ہذا میں تعلیم کا معیار بلند رکھنے کے لئے ان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے۔ تقریب میں طاہر شیخ کو تمام مہمانانِ گرامی اور اساتذہ کی جانب سے سندھ کی ثقافت اجرک اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ تقریب کے اختتام پر ماسٹر محمد طاہر شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس محبت اور پیار کے ساتھ ہمارے اسکول کے اساتذہ کرام نے میری الوداعی تقریب کا انعقاد کیا ہے میں اسے ہمیشہ یاد رکھوں گا اور ان تمام دوست احباب کا بے حد مشکور بھی ہوں۔