ہزارہ (رپورٹ: ایم عتیق سلیمانی) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز نے ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے پروگرام ”وائٹ کوٹ سرمنی“ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ دیگر اہم شرکاء میں ایبٹ آباد انٹرنیشنل میڈیکل کالج کے چیف ایگزیٹو ڈاکٹر غضنفر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی، میڈیکل کالج کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس، اساتذہ ڈاکٹرز کے علاوہ سینئر و جونیئر سٹوڈنٹس شامل تھے۔ ڈی آئی جی میرویس نے میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کا سرمایہ ہیں آپ لوگ جس شعبہ سے تعلق رکھتے ہیں اس کی معاشرے کو انتہائی ضرورت ہے، عوام کو آپ کی ضرورت ہے، پاکستان کے ہسپتالوں کو آپ کی ضرورت ہے۔
دیگر ممالک جیسے کہ سری لنکا ہے وہاں اس وقت تک ڈاکٹر سٹوڈنٹس کو ڈگری نہیں دی جاتی جب تک کہ وہ دیہی علاقوں اور خاص طور پر اپنے آبائی علاقوں میں خدمات سرانجام نہ دیں اور ہمارے ملک میں ایسا نہیں ہے جب ہم پاکستان کے دیہادتی علاقوں میں جاتے ہیں تو وہاں ڈاکٹر کی کمی دیکھنے کو ملتی ہے آپ کو چاہیے کہ ضرورت مند لوگوں کی خاطر دیہاتی علاقوں کو ترجیح دیں اور ان علاقوں کے لوگوں کو اپنی خدمات دیں تاکہ آپ اپنے اس عوامی خدمت کے پیشہ میں کامیابی کے ساتھ ساتھ لوگوں کی دعائیں بھی سمیٹ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اپنے ریجن میں ضلع تورغر اور بٹگرام اور دور دراز کے علاقوں میں سرکاری ہسپتالوں کی عمارات تو ہیں لیکن وہاں پیرا میڈیکس سٹاف تو موجود رہتے ہیں لیکن ڈاکٹرز کی کمی دیکھنے کو ملتی ہے یہ صرف یہاں ہزارہ کی بات ہی نہیں ہے بلکہ پورے پاکستان میں دیہاتی علاقوں میں ڈاکٹرز بہت کم ہوتے دیکھنے کو ملتے ہیں اس لئے دیہاتی علاقوں کو آپ جیسے نوجوان ڈاکٹرز کی ضرورت ہے۔ آپ سے گزارش ہے کہ آپ لوگ اپنے پڑھائی مکمل کر کے دیہاتی علاقوں کو زیادہ ترجیح دیں تاکہ آ پ اس ملک و قوم کی خدمت کر کے لوگوں کی دعائیں سمیٹ سکیں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنی خدمات ضرور ت مند لوگوں کو فراہم کریں گے۔ آخر میں ڈی آئی جی ہزار ہ نے نئے آنے والے میڈیکل سٹوڈنس کی کامیابی و کامرانی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔