مانسہرہ (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میر ویس نیاز کی زیر صدارت محرم الحرام، سی پیک اور غیر ملکی ورکروں کی سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ریجنل کانفرنس ہال ایبٹ آباد میں اعلی سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہری پور کاشف ذوالفقار، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد ظہور بابر آفریدی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ آصف بہادر، ڈی پی او بٹگرام طارق محمود خان، اے ایس پی ڈاکٹر خدیجہ عمر نے شرکت کی۔ ڈی پی اوز نے محرم الحرام اور سی پیک و دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے والے غیرملکیوں کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اپنے اپنے ضلع کے سیکیورٹی و ٹریفک پلان کے بارے میں ڈی آئی جی ہزارہ کو تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ میر ویس نیاز نے تینوں اضلاع کے محرم الحرام سیکیورٹی کے حوالے پر تسلی کا اظہار کیا اور ڈی پی اوز کو سیکورٹی کو مزید موثر بنانے کے بارے میں چند ہدایات دیں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ نے ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں، ڈی پی اوز اور سرکل ایس ڈی پی اوز امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس اور شہر کی بڑی مساجد کی سیکیورٹی کا جائزہ خود لیں، سفید پرچات میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے، امام بارگاہوں کے ارد گرد کے علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیے جائیں اور غیر قانونی مقیم کرایہ داروں کے خلاف قانونی کاروائیاں کی جائیں جبکہ ہوٹلز، سرائے اور ہاسٹلز کی روز مرہ کی بنیاد پر متعلقہ تھانہ چیکنگ کرکے اعلی افسران کو رپورٹ پیش کریں، مشکوک افراد، افغان مہاجرین اور شیڈول فور میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے، تمام مکاتب فکر کے علماء اور مذہبی رہنماؤں، تاجر برادری اور امن کمیٹی کے عہدیداران و ممبران سے میٹنگز کا انعقاد کیا جائے۔ ریجنل کنٹرول روم اور ڈسٹرکٹ کنٹرول روم بنائے جائیں جن میں سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کے زریعے جلوسوں کی مانٹرینگ کی جائے جبکہ امام بارگاہوں کے داخلی و خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ لگا کر چیکنگ کی جائے۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے سی پیک، چائینیز، غیر ملکی باشندوں اور ہزارہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکیوں کی سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کے سیکیورٹی انچارج صاحبان سے ہمہ و قت رابطہ میں رہیں اور سیکورٹی امور پر تبادلہ خیال کرتے رہا کریں اور اگر سیکیورٹی کے متعلق انہیں کسی بھی مسئلہ کا سامنا ہے تو خط و کتابت کے ذریعے اسکے ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو سکے۔ تمام ڈی پی اوز غیر ملکیوں کے سیکورٹی کی چیکینگ کے لئے بذات خود دورے کریں اور رپورٹ ریجنل پولیس آفس ارسال کریں۔ غیر ملکی باشندوں کی سیکیورٹی پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ڈی پی او چائنیز اور دیگر غیر ملکیوں عہدیداران سے ہفتہ وار میٹنگز کا انعقاد کریں اور سیکیورٹی کے حوالے سے ان کو درپیش مسائل کو فوری حل کریں۔