کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی راجا اظہر نے سندھ حکومت کا کورنگی ندی کراسنگ سے قیوم آباد پر اوور ہیڈ برج بنانے کے فیصلے پر کہا کہ مسلسل 4 سالوں سے اور ہیڈ برج کے لئے اسمبلی کے فلور پر اور میڈیا کے ذریعے آواز اٹھاتے رہے ہیں، کورنگی لانڈھی کی عوام کی پریشانی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2019-20 میں کراسنگ سے قیوم آباد اوور ہیڈ برج کے لیے وزیر اعظم جناب عمران خان صاحب کو خط لکھا تھا، عمران حکومت میں اوور ہیڈ برج منظور ہوگیا تھا لیکن سندھ حکومت نے این او سی دینے سے صاف انکار کر دیا اور جب مسلسل 2 سال سندھ حکومت نے کراسنگ سے قیوم آباد اور ہیڈ برج پر کام نہیں کیا تو ہر فورم پر لانڈھی کورنگی کی عوام کے لئے آواز بلند کرتے رہے۔
راجا اظہر نے کہا کہ ہم میڈیا کے بھی بے حد مشکور ہیں میڈیا کے تعادن کے بغیر قیوم آباد اوورہیڈ بریج کی منطوری ممکن نہ تھی، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراسنگ سے قیوم آباد اوور ہیڈ برج کی منظوری دے دی ہے جسکا تخمینہ لاگت 5 ارب روپے بتایا جا رہا ہے ہمارے مطابق 5 ارب روپے اس منصوبے کی لاگت بہت زیادہ ہے اس موقع پر لانڈھی کورنگی کی عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کے سندھ حکومت ایک سال میں اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے اور عوام سے کیے اپنے وعدے کو وفا کرے۔