کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) وزیر اعلی سندھ عوام کو خوفزدہ نہ کریں، کورونا پر سیاست نہ کریں، مراد علی شاہ ہر روز طویل میڈیا بریفنگ تو کررہے ہیں لیکن گراؤنڈ پر حکومت کے عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں، امراض قلب سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا ہوکر فوت شدہ 559 افراد کو کورونا کا مریض کہہ کر خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے، ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے وزیراعلی سندھ کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں ویڈیو پیغام میں کیا۔ مولانا راشد سومرو کا کہنا تھا کہ کورونا کی وبا کو عالمی اداروں سے امداد کے حصول کا ذریعہ تو نہیں بنایا جارہا ؟ مختلف بیماریوں میں مبتلا 559 مرحومین کی کورونا وائرس کی تصدیق کن ذرائع سے کی گئی ہے کیا کسی مرحوم کی میڈیکل رپورٹ ہے تو عوام کو دکھائی جائے ورنہ بلاوجہ قوم کے جذبات سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، سندھ کے عوام کو امداد کے نام پر مزید دھوکہ نہیں دیا جاسکتا، میڈیا گواہ ہے کہ عوام کو مضرصحت اور ناقابل استعمال راشن دینے کی کوشش کی گئی، سپریم کورٹ میں جمع کی گئی سندھ حکومت کی دس ارب 8 کروڑ کی امدادی رقوم مستحقین کو دینے کی فہرستوں کی شفاف تحقیقات ہوئیں تو دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ سندھ حکومت کے نمائندوں نے رفاہی اداروں، اور بڑے تاجروں سے بھاری امدادی رقوم لیکر عوام میں تقسیم کرنے کی بجائے اپنی جیبیں بھری ہیں قومی خزانے میں کورونا کے نام پر خرد برد کیوں کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سندھ عوام کو مسلسل کنفیوز کررہے ہیں پہلے کورونا وبا کو عمرہ کرنے والوں سے نتھی کیا گیا پھر ایرانی زائرین سے اور اب اس وبا کو تبلیغی جماعت سے جوڑنے کی مذموم کوششیں قابل مذمت ہیں، مولانا راشد محمود سومرو نے سوال کیا کہ سندھ میں جمعتہ المبارک کے اجتماعات کی پاداش میں علماء کرام کیخلاف جو ایف آئی آر درج ہوئیں آئی جی سندھ پولیس نے وعدہ کیا تھا کہ ان ایف آئی آر کو جلد ختم کردیا جائے گا مگر تاحال وہ ایف آئی آر ختم نہیں کی گئیں، فی الفور ان ایف آئی آرز کو ختم کیا جائے، سندھ کے مختلف اضلاع میں تبلیغی جماعت کے 4000 افراد کو محصور رکھا گیا ہے، نہ ان کے کورونا ٹیسٹ کئے جارہے ہیں بعض مقامات پر ٹیسٹ رپورٹ نیگیٹو آنے کے باوجود ان جماعتوں کو ریلیز نہیں کیا جارہا ہے، خواتین کی تبلیغی جماعتیں ایک ماہ سے محصور ہیں، ان کے فوری ٹیسٹ لئے جائیں، آخر یہ عمل کن بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے کیا جارہا ہے، تمام تبلیغی جماعتوں کو فی الفور گھروں کو روانگی کی اجازت دی جائے، مولانا راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ حکومت کو ان سنجیدہ مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے عوام اب کورونا کے نام پر مزید گھناؤنا سیاسی کھیل برداشت نہیں کرے گی۔
![]()
یہ بھی پڑھیں، نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں: کراچی کے غریب اور مزدور پیشہ عوام کے ساتھ پولیس گردی کا نوٹس لیا جائے۔ عبدالحاکم قائد رہنما پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی
https://www.nopnewstv.com/the-police-should-take-notice/