Home/اہم خبریں/بلڈرز مافیا اور کرپٹ افسران خرابیوں کی جڑ ہیں، سرکوبی کی جائے، غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کو روکنے کے لئے سخت اصول وضع کئے جائیں۔ پاسبان
بلڈرز مافیا اور کرپٹ افسران خرابیوں کی جڑ ہیں، سرکوبی کی جائے، غیر قانونی تعمیرات اور قبضوں کو روکنے کے لئے سخت اصول وضع کئے جائیں۔ پاسبان
کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے زیر اہتمام” آباد” میں موجود بلڈر مافیا کے خلاف کورنگی، نارتھ ناظم آباد، گذری،مہران ٹاؤن سمیت شہر بھر میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد ہوا جس میں پاسبان رہنماؤں عبدالحاکم قائد، طارق چاندی والا،کلیم اللہ ملک، خالد صدیقی ایڈووکیٹ، میاں ریاض، ورکرز اور عوام نے شرکت کی۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاسبان رہنماؤں نے کہا کہ بلڈرز مافیا اور اداروں میں چھپے ہوئے کرپٹ افسران تمام خرابیوں کی جڑ ہیں، ان پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ان کی سرکوبی کی جائے اور ایسی منصوبہ بندی کی جائے کہ مستقبل میں تجاوزات قائم نہ ہوسکیں۔ ایسے سخت اصول وضع کئے جائیں کہ لوگ غیر قانونی تعمیرات یا قبضوں کا سوچتے ہوئے بھی گھبرائیں۔عوام کے ٹیکسوں سے تنخواہ لینے والے حکومتی ملازمین اور افسران عوام کی فلاح کا کام چھوڑ کر ملک کی دولت پر ڈاکے ڈالنے والوں کے ساتھی بن جاتے ہیں۔ جس کے صلے میں انہیں بھی عوام سے رشوت کا کاروبار جمانے کا لائسنس دے دیا جاتا ہے۔ ملکی خزانے میں ہونے والی کمی کو پورا کرنے کے لیے لوگوں پر ٹیکسوں اور مہنگائی کے بوجھ میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔کراچی شہر کو تجاوزات کا جنگل بنانے والی مافیا میں کرپٹ سیاست دانوں، بیوروکریٹس اور طاقتور اشرافیہ کی مدد کے لیئے ایس بی سی اے، کے ڈی اے، آباد،کے ایم سی اوردیگر حکومتی محکموں کے ساتھ صوبائی اور سٹی حکومت سب بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ کراچی کو تجاوزات کے بوجھ سے آزاد کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تجاوزات متاثرین کی معاونت کی جائے، متبادل فراہم کئے جائیں۔ شہر کو منصوبہ بندی اور چارٹرڈ سٹی کا درجہ دیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔