کراچی (نوپ نیوز) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر سلمان اسلم نے حکومت کی جانب سے منی بجٹ میں اضافی ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ شوکت ترین کے مطابق بجٹ میں اضافی ٹیکسز عائد نہیں کئے گئے اور بیشر ٹیکس کی رقم ریفنڈز کے ذریعے واپس کردی جائے گی۔ صدر کاٹی نے کہا کہ صنعتکاروں کے ریفنڈز پہلے ہی التواء کا شکار ہیں اور ان میں مسنگ آنے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا موجودہ حالات میں جب نہ صرف ایکسپورٹ انڈسٹری بلکہ مقامی صنعت بھی مشکلات کا شکار ہے اس میں بزنس کمیونٹی تجارت کے بجائے ریفنڈز کلیم کے چکر میں پھنس جائیں گے تو کاروبار کرنا انتہائی دشوار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکوت صنعتکاروں اور برآمدکنندگان کی سہولت کیلئے اقدامات کرے ناکہ مزید ٹیکس اور پھر ریفنڈز کے چکر میں انہیں ایف بی آر کے چکر لگوائے۔
سلمان اسلم نے حکومت سے اپیل کی کہ منی بجٹ میں عائد اضافی ٹیکسز واپس لینے پر نظر ثانی کی جائے۔ صدر کاٹی نے مزید کہا کہ پہلے ہی صنعتکار 100 فیصد مارجن کی ادائیگی کے باعت مالی مشکلات کا شکار ہیں اس پر مزید ٹیکسز کا بوجھ معیشت کیلئے نقصان کا باعث بنے گا۔