پشاور (رپورٹ: اصغر شاہ) پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم افراد نے پولیس وین پر حملہ کر دیا، حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دیگر زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، اور شہید اہلکار کی لاش کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا، واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ سی سی پی او پشاور کے مطابق موبائل میں 3 اہلکار موجود تھے، اور ریپڈ رسپانس فورس کی موبائل معمول کے گشت پر تھی کہ نامعلوم افراد نے حملہ کر دیا، حملے میں موبائل انچارج شہید جبکہ دیگر اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ حیات آباد کارخانو چیک پوسٹ پر کھڑی پولیس گاڑی کے قریب ہوا، اور ابتدائی طور پر ہینڈ گرنیڈ کا حملہ لگتا ہے، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔