کوئٹہ (رپورٹ: ارسلان خان) ویمن چیمبر آف کامرس کی سینئر نائب صدر ہما بیگم نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کے بڑھتے ہوئے رحجانات کو ملکی ترقی اور مہذب معاشرے کی تشکیل میں رکاوٹ ہے خواتین کو معاشرے میں مردوں کے مساوی حقوق دیئے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عورت کو اسلام سمیت ہر مذہب میں مقدس مقام حاصل ہے تاہم اسلام نے ان کے درجات کو مزید بلند کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ عورتوں کو ان کے تمام تر حقوق دیئے جائے تاہم موجودہ حالات میں جہاں دیگر معاملات کو نظر انداز کیا گیا ہے وہیں خواتین کے حقوق کو بھی یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے خواتین پر گھریلو تشدد اور تیزاب پھینکنے کے واقعات میں اضافہ تشویشناک ہے جب تک ان واقعات کا تدارک نہیں کیا جاتا ایک مہذب اور پرامن معاشرے کی تشکیل ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ خواتین کو اس وقت بہت سی مشکلات کا سامنا ہے جہاں انہیں گھریلو تشدد کے علاوہ کام کرنے کے دوران بھی مشکلات درپیش ہیں اور انتخابات کے دوران بھی خواتین کے حق رائے دہی کو اپنی منشاء و مرضی کے مطابق استعمال کیا جاتا ہے جو ان کے جمہوری حق سے انحراف ہے خواتین دنیا کی آبادی کا بڑا حصہ ہے اور انہیں یہ حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ اکیسویں صدی کے دور میں بھی حوا کے بیٹی کو بدترین صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اگر آج بھی ہم نے خواتین کے حقوق کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں معاشرے میں ان کا مقام دلانے کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے تو ہمارا ملک ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں نہیں آسکے گا اس کیلئے نہ صرف حکومت بلکہ سول سوسائٹی کے نمائندوں وکلاء، اساتذہ، ڈاکٹر ز اور میڈیا سمیت معاشرے کے ہر فرد کو اپنا موثر اور عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔
![]()