کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سی ای او اسٹار لنکس اینڈ پی آر اور ہیریٹیج فاؤنڈیشن کی ٹرسٹی شہناز رمزی کی پہلی دستاویزی فلم ’سلیوٹ ٹو کریمہ‘ اسپاٹ لائٹ فلم ایوارڈ (اٹلانٹا، جارجیا) کی شارٹ فلمز کیٹگری میں بطور فاتح منتخب کر لی گئی۔ یہ دستاویزی فلم اُن سیکڑوں دیگر فلموں میں سے منتخب کی گئی ہے جنھیں رواں سال ججز نے دیکھا اور پرکھا اور پھر اُن کی جانب سے 2018 کی بہترین انفرادی فلموں کی پہلی مرتب کردہ فہرست میں شامل شہناز رمزی کی فلم نے برانز ایوارڈ حاصل کر لیا۔ ایوارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے انڈیپنڈنٹ فلم کنسلٹنٹ اور بانی اسپاٹ لائٹ فلم ایوارڈ ایرک پینٹر نے شہناز رمزی سے رابطہ کرتے ہوئے کہا ”مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ آپ کا پراجیکٹ اس سال کی بہترین فلموں میں منتخب ہوا ہے، آپ اپنے پراجیکٹ کو ہمارے ایوارڈ پیج کی فہرست میں دیکھ سکیں گی ” یہ دستاویزی فلم اسٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس کی جانب سے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کی آدائیگی کے لئے ایک سرگرمی کے طور پر تیار کی گئی۔ یاد رہے کہ شہناز رمزی کی دستاویزی فلم مکلی کی ایک ایسی سابقہ فقیر برادری کی زندگی پر مبنی ہے جو یاسمین لاری کی ہیریٹیج فاؤنڈیشن کی بدولت تبدیل ہوگئی۔ انھوں نے نا صرف اِن لوگوں کو روزگار پیدا کرنے کے مختلف طریقوں سے آشنا کیا بلکہ جامع انداز میں ان کی زندگیوں کو بہتر بھی بنایا۔
یہ منفی رجحانات کا شکار کسی برادری کو تبدیل کرنے کے بارے میں ایک چشم کشا پریزینٹیشن ہے، ساتھ ہی ساتھ اُن تنظیموں کے لئے ایک مشعل راہ بھی ہے جو پاکستان یا دنیا میں کہیں بھی ایسی برادریوں یا گروہوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی خواہاں ہیں۔ یہ دستاویزی فلم کارپریٹ سماجی زمہ داری کے تہت اسٹار لینک نے انجام دی۔