کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کراچی میں ماحولیاتی تحفظ اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا شعبہ گائیڈنس سینٹر اور ڈی آئی آئی ایل (DIIL) کے زیرِ اہتمام جے آئی یوتھ وومن کراچی کے اشتراک سے منعقدہ مہم کے دوران وفد نے ادارے کو 50 پودے تحفے میں پیش کیے۔
اس موقع پر پرنسپل علیگڑھ انسٹیٹیوٹ انجینئر ڈاکٹر محمد کاشف شیخ نے کہا کہ شجرکاری آنے والی نسلوں کو صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ میں ماحولیاتی شعور بیدار کریں اور انہیں ماحول دوست سرگرمیوں میں عملی طور پر شریک ہونے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج لگایا جانے والا ہر پودا سرسبز اور بہتر مستقبل کی امید ہے مہم میں شعبہ گائیڈنس سینٹر، ڈی آئی آئی ایل کے ارکان اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ منتظمین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ، سماجی ذمہ داری اور سرسبز کیمپس کے قیام کو فروغ دیا جائے گا۔