کراچی (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر ) چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا ہے کہ برنس روڈ کو جدید سہولیات سے آراستہ، منظم اور پرکشش فوڈ اسٹریٹ کے طور پر ترقی دی جائے گی انہوں نے برنس روڈ اور اس سے متصل علاقوں کے دورے کے دوران جاری ترقیاتی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، بحالی اور تزئین و آرائش کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا متعلقہ حکام نے مختلف مقامات پر جاری کاموں اور منصوبوں کی پیش رفت سے چیف سیکریٹری سندھ کو آگاہ کیا۔
آصف حیدر شاہ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تمام امور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں جبکہ تعمیراتی کاموں کے معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے برنس روڈ پر سڑکوں اور شہری بنیادی سہولیات کی بہتری کے ساتھ علاقے کے مجموعی ماحول کو بھی بہتر بنانے کی ہدایت کی تاہم اس دوران برنس روڈ کی تاریخی حیثیت اور ثقافتی تشخص کو برقرار رکھنے پر بھی زور دیا چیف سیکریٹری نے علاقے میں تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر اور مربوط اقدامات کیے جائیں۔