کراچی (اسپورٹس رپورٹر) دسویں اسٹوڈنٹس اولمپک گیمز 2026 کے سلسلے میں فٹسال کے مقابلوں کا دوسرا روز کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں لڑکوں اور لڑکیوں کے سنسنی خیز مقابلوں کے ساتھ جاری رہا۔ فٹسال ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح سیکریٹری اسپورٹس، سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ سعید احمد آرائیں نے کیا۔ اس موقع پر مدائن کے چیف ایگزیکٹو عثمان لانڈھا، پاکستان کیچ بال فیڈریشن کی صدر امِ لیلیٰ کلثوم، پاکستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں کراچی اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے چیئرمین فیصل ظفر، سیکریٹری عبدالصمد خان اور دیگر کھیلوں کی شخصیات و عہدیداران موجود تھے۔ فٹسال مقابلوں میں کراچی بھر سے 90 ٹیموں نے مختلف تعلیمی درجات کے تحت حصہ لیا جبکہ مقابلوں کے انتظامات اویس ملک اور بابر سلیم نے تکنیکی عہدیداران کے تعاون سے انجام دیے۔
دسویں اسٹوڈنٹس اولمپک گیمز 11 سے 29 ستمبر تک جاری رہیں گے، جن میں اسکول اور یونیورسٹی کی سطح کے کھلاڑی 26 مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ کھیلوں کے تمام مقابلے شیڈول کے مطابق جاری ہیں، جبکہ آج منی اسپورٹس کمپلیکس ناظم آباد میں فلائنگ ڈسک اور ڈاج بال کے مقابلے منعقد ہوں گے۔