حیدرآبا، (اسٹاف رپورٹر) استحکام پاکستان آرگنائزیشن (ISPO) کے چیئرمین محمد احسن ناغڑ نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر کہا ہے کہ پاکستان پولیس کے افسران اور جوان وطن کی سلامتی، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کی لازوال خدمات قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس نے جرات، بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی اعلیٰ مثالیں قائم کی ہیں، جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔
محمد احسن ناغڑ نے مطالبہ کیا کہ پولیس فورس کی استعداد بڑھانے کے لیے جدید تربیت، اسلحہ، ٹیکنالوجی، فرانزک سہولیات، مواصلاتی نظام، گاڑیوں اور حفاظتی آلات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کی کفالت، بچوں کی معیاری تعلیم، طبی سہولیات اور فلاحی پیکیجز میں مزید بہتری پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط، جدید اور عوام دوست پولیس ہی پرامن اور مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے۔ آخر میں انہوں نے پولیس شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی، زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا کی۔