تروبا، (اسپورٹس ڈیسک) ویسٹ انڈیز نے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 181 رنز پر ختم کی اور پاکستان کو کامیابی کے لیے 211 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی ساتویں پانچ وکٹوں کی کارکردگی ہے، جبکہ محمد علی اور خرم شہزاد نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی امام الحق، اذان اویس اور سلمان علی آغا جلد آؤٹ ہوگئے جبکہ محمد رضوان، عامر جمال، علی عثمان، شان مسعود، خرم شہزاد اور محمد علی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے کپتان بابر اعظم نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 81 گیندوں پر اپنی 32ویں ٹیسٹ نصف سنچری مکمل کی تاہم دوسرے اینڈ سے وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔
بابر اعظم نے آخری وکٹ پر محمد عباس کے ساتھ 49 رنز کی مزاحمتی شراکت قائم کی عباس نے 23 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ بابر اعظم 107 گیندوں پر 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، جس میں نو چوکے شامل تھے تاہم جےڈن سیلز نے عباس کو آؤٹ کرکے پاکستان کی اننگز 120 رنز پر سمیٹ دی۔ سیلز نے 20 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسٹن گریوز اور کیمار روچ نے دو، دو وکٹیں لے کر ویسٹ انڈیز کو 90 رنز کی فتح دلادی۔