کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) پاکستان شیئرز مارکیٹ اپ ڈیٹ کے زیر اہتمام نئی کرکٹ ٹیم کی تشکیل کے لیے راشد لطیف اکیڈمی میں ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا جس میں کراچی سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد نوجوان کرکٹرز نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ٹرائلز میں سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے ہیڈ کوچ جبکہ فرسٹ کلاس کرکٹر امیرالدین انصاری نے سلیکشن پینل کے رکن کی حیثیت سے کھلاڑیوں کی بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر پاکستان شیئرز مارکیٹ اپ ڈیٹ کی سی ای او مس نادیہ انوار، ڈائریکٹرز محمد کالیا اور احمد کالیا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع فراہم کرنا ادارے کی اولین ترجیح ہے اور اسی مقصد کے تحت میرٹ کی بنیاد پر بہترین ٹیلنٹ کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ تقریب میں کمیٹی کے اراکین عارف وحید، شہزادہ معین، محمد حماد، کاشف احمد فاروقی، سرفراز خان، عقیل سلطان، اخلاق احمد اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے ٹرائلز کے شفاف انتظامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ منتخب ہونے والے کھلاڑی مستقبل میں قومی اور کارپوریٹ سطح کے مقابلوں میں پاکستان شیئرز مارکیٹ اپ ڈیٹ کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔