لاہور، (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2026-27 ڈومیسٹک سیزن کے آغاز پر نیشنل چیمپئنز کپ کے لیے ٹیموں اور میچز کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے 50 اوورز پر مشتمل لسٹ اے ٹورنامنٹ 11 سے 18 اگست تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جہاں تمام مقابلے ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے اور ہر میچ کا آغاز سہ پہر 3 بجے ہوگا۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان گرینز، پاکستان وائٹس، پاکستان بلیوز اور پاکستان گولڈ کی چار ٹیمیں حصہ لیں گی، جو سنگل لیگ فارمیٹ کے تحت ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی ابتدائی مرحلے کے اختتام پر زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی دو ٹیمیں 18 اگست کو فائنل میں ٹرافی کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے ہر ٹیم کی 11 رکنی پلیئنگ الیون کے ساتھ 13 رکنی ریزرو پول بھی نامزد کیا ہے جبکہ ریزرو کھلاڑی صرف انجری یا کنکشن کی صورت میں ٹیم میں شامل کیے جا سکیں گے۔
پاکستان گرینز کی قیادت شاداب خان، پاکستان وائٹس کی صائم ایوب، پاکستان بلیوز کی صاحبزادہ فرحان اور پاکستان گولڈ کی شاہین شاہ آفریدی کریں گے پی سی بی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد قومی سطح کے بہترین کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ 50 اوورز کی کرکٹ کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملتان میں شائقین کو سخت اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔