اسلام آباد، (اسٹاف رپورٹر) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل) کی نجکاری کے بعد لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر کو ادارے کا پہلا چیئرمین مقرر کر دیا گیا یہ تقرری اس وقت عمل میں آئی جب عارف حبیب کارپوریشن کی قیادت میں قائم سرمایہ کار کنسورشیم نے پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول باضابطہ طور پر سنبھال لیا۔
پی آئی اے کی نجکاری کے پہلے مالی مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد کنسورشیم نے حکومت کو ابتدائی ادائیگی کرنے کے ساتھ ساتھ ادارے میں نیا سرمایہ بھی فراہم کیا جس کا مقصد مالی استحکام، فضائی بیڑے کی جدید کاری اور مستقبل میں کاروباری وسعت کو یقینی بنانا ہے
لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر جو اس وقت فوجی فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی ہیں نجکاری کے بعد پی آئی اے کے بورڈ کی سربراہی کریں گے اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اگرچہ ادارے کی ملکیتی ساخت تبدیل ہو چکی ہے تاہم پاکستانی عوام کے لیے خدمات فراہم کرنے کی ذمہ داری پہلے کی طرح برقرار رہے گی ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اپنی تاریخی شناخت اور ورثے کو برقرار رکھتے ہوئے جدید، معیاری اور مسافروں پر مرکوز ایئرلائن کے طور پر ترقی کرے گی، جس میں سفری سہولیات کی بہتری، روٹس میں توسیع اور آپریشنل کارکردگی میں اضافہ اولین ترجیحات ہوں گی۔