کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر ) محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے تحت ڈائریکٹوریٹ آف پریس انفارمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کے اعلیٰ سرکاری افسران پر مشتمل وفد کراچی پہنچ گیا، جہاں ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مہمانوں کو اجرک پہنائی گئی اور پھول پیش کیے گئے۔ وفد مقامی ہوٹل میں قیام پذیر ہے اور چار روزہ تربیتی دورے کا آغاز ہو چکا ہے۔
ڈی جی نیپا ڈاکٹر سیف الرحمان کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینا اور علاقائی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے۔ بنگلہ دیشی افسران نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی اور سول سروسز اکیڈمی لاہور کے پروگرام کے تحت نیپا کراچی میں مختلف سیشنز اور بریفنگز میں شرکت کریں گے، جن کا موضوع اسٹریٹجک لیڈرشپ، گورننس سسٹمز اور پالیسی انوویشن ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دورے کے دوران وفد کو گورننس، معیشت، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا۔ بنگلہ دیشی افسران کراچی کے اہم تاریخی و ثقافتی مقامات بشمول قائداعظم ہاؤس، موہٹہ پیلس اور مزار عبداللہ شاہ غازی کا بھی دورہ کریں گے، جبکہ کسٹمز ہاؤس، آرٹس کونسل، محکمہ منصوبہ بندی و ترقی سندھ، حبیب یونیورسٹی اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا دورہ بھی پروگرام میں شامل ہے۔
ڈی جی نیپا نے کہا کہ یہ دورہ جدید پالیسی سازی کو تقویت دینے، مؤثر حکمرانی کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام سے افسران کو ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے اور پیشہ ورانہ روابط کو فروغ دینے کا قیمتی موقع حاصل ہوگا۔