کراچی: جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل تعلیم کے فروغ کے لیے علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT) کراچی میں گیم ڈیولپمنٹ کے موضوع پر ایک خصوصی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں NexSkills کے ڈائریکٹر آپریشنز یاسر بلوچ نے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کیا۔
یاسر بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں گیمز سے وابستگی عام ہو چکی ہے، تاہم گیم ڈیولپمنٹ جیسے تخلیقی اور تیزی سے ترقی کرنے والے شعبے میں مہارت رکھنے والے افراد کی کمی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ گیم ڈیولپمنٹ عالمی سطح پر ایک مضبوط انڈسٹری بن چکی ہے، جو پاکستانی نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے وسیع مواقع فراہم کر سکتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ NexSkills کراچی میں جدید آئی ٹی کورسز فراہم کر رہا ہے، جہاں طلبہ کو مختصر مدت، تقریباً تین ماہ کی عملی تربیت کے ذریعے انڈسٹری کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر ادارے کے پرنسپل شاہد جمیل نے کہا کہ علیگڑھ انسٹیٹیوٹ اپنے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ کنوینر سید محمد محسن کاظم نے گیم ڈیولپمنٹ کو جدید دور کی ایک اہم اور تیزی سے ابھرتی ہوئی اسکل قرار دیا۔
ادارے کے دیگر سربراہان، جن میں سوفٹ ویئر ڈیپارٹمنٹ کی مس تسنیم آرزو، سی آئی ٹی کے محمد ساجد اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے بابر منیر شامل تھے، نے اعلان کیا کہ جلد ہی ادارے میں ایک منفرد ٹیک ایونٹ “Xtreme” کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں گیم ڈیولپمنٹ کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ “Xtreme” طلبہ کو اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار، جدید ٹیکنالوجیز سیکھنے اور عملی پروجیکٹس پر کام کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ مزید برآں، علیگڑھ انسٹیٹیوٹ اور NexSkills کے درمیان سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن کے تحت ڈپلومہ پروگرام کے آغاز پر بھی غور کیا جا رہا ہے، جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار پر مبنی جدید تعلیم کے نئے دروازے کھلیں گے۔