کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین) اقراء یونیورسٹی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) فٹبال بوائز (زون ایل) انٹر ورسٹی چیمپئن شپ 2025-26 اپنے نام کر لی۔ فائنل میں اقراء یونیورسٹی نے ہمدرد یونیورسٹی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-2 سے شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا۔
میچ میں اقراء یونیورسٹی کی جانب سے علی زین اور ذیشان نے ایک، ایک گول اسکور کیا جبکہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھائی۔ سیمی فائنل میں اقراء یونیورسٹی نے ضیاء الدین یونیورسٹی کو 2-1 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ فائنل میں بھی کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک، مضبوط دفاع اور جارحانہ حکمت عملی کا مظاہرہ کیا، جسے شائقین نے خوب سراہا۔
یہ چیمپئن شپ ہمدرد یونیورسٹی کے زیر اہتمام اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) کے تعاون سے منعقد ہوئی، جس میں زون ایل کی مختلف جامعات کی ٹیموں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں کامیاب ٹیم کو ٹرافی دی گئی جبکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا گیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے مقابلے نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ اور مثبت سرگرمیوں کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔