کراچی، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی میوزک کمیٹی کے زیرِ اہتمام شہنائی نواز استاد عبداللہ خان اور نغمہ نگار محمد ناصر کی یاد میں حسینہ معین ہال میں تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں دونوں فنکاروں کے فن پر مبنی ویڈیوز پیش کی گئیں اور ان کے مقبول کلام کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے روایتی موسیقی کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مرحومین کی خدمات کو سراہا اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ تقریب میں فنِ موسیقی سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔