کولمبو، (اسپورٹس رپورٹر) فہیم اشرف کی برق رفتار اننگز کی بدولت پاکستان نے آخری لمحات میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو تین گیندیں قبل شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ یہ میچ ہفتہ کی دوپہر کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلا گیا۔
148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو آخری دو اوورز میں 29 رنز درکار تھے، ایسے دباؤ کے عالم میں فہیم اشرف نے 11 گیندوں پر 29 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر میچ کا رخ موڑ دیا۔ انہوں نے انیسویں اوور میں تین چھکے اور ایک چوکا لگا کر 24 رنز حاصل کیے، جبکہ آخری اوور میں کورز کے اوپر شاندار چھکا مار کر تین وکٹوں سے کامیابی یقینی بنائی۔
پاکستان کو ابتدا میں صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ صاحبزادہ فرحان 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر نمایاں رہے اور اپنی نویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل نصف سنچری سے محض تین رنز دور رہ گئے۔ پاور پلے کے اختتام پر پاکستان 61 رنز پر دو وکٹیں کھو چکا تھا اور 11 اوورز میں اسکور 98-2 ہو گیا تھا۔
تاہم اس کے بعد گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور اگلے 16 رنز کے دوران پانچ وکٹیں گرنے سے اسکور 114-7 ہو گیا۔ نیدرلینڈز کی جانب سے آریان دت اور پال فان میکرین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل، ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے والی نیدرلینڈز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 29 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی جس میں چار چوکے شامل تھے۔
ڈچ ٹیم نے محتاط مگر مثبت آغاز کیا اور 4.1 اوورز میں 31 رنز اسکور کیے۔ اوپنر مائیکل لیوٹ نے 15 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جن میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ باس ڈی لیڈے نے 25 گیندوں پر 30 رنز کی اننگز کھیلی۔
محمد سلمان مرزا (3.5 اوورز، 24 رنز، 3 وکٹیں) نے اہم بریک تھرو فراہم کیا، جس کے بعد اسپنرز نے درمیانی اوورز میں نیدرلینڈز کی رن رفتار کو قابو میں رکھا۔ 15.5 اوورز میں اسکور 127-4 ہونے پر ابرار احمد (4 اوورز، 23 رنز، 2 وکٹیں) نے کپتان ایڈورڈز کو آؤٹ کر کے ڈچ بیٹنگ لائن کو لڑکھڑا دیا۔
اس کے بعد نیدرلینڈز کی ٹیم آخری چھ وکٹیں صرف 20 رنز کے اضافے پر گنوا بیٹھی۔ صائم ایوب نے اپنے واحد اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ لی اور سلمان مرزا نے مزید دو شکار کر کے اننگز کا اختتام کیا۔