لاہور، (ویب اسپورٹس) زمبابوے کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت قبول کرتے ہوئے نومبر میں ہونے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ اس سیریز میں سری لنکا بھی شامل ہوگا، جبکہ تمام میچز راولپنڈی اور لاہور میں 17 سے 29 نومبر تک کھیلے جائیں گے۔
یہ پاکستان میں ہونے والی پہلی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی، جس کا مقصد آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل تینوں ٹیموں کو تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے۔
سیریز کا آغاز 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان افتتاحی میچ سے ہوگا، جبکہ دوسرا میچ 19 نومبر کو سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ابتدائی دو میچز کے بعد مقابلے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم منتقل ہو جائیں گے، جہاں پانچ میچز ہوں گے، جن میں 29 نومبر کا فائنل بھی شامل ہے۔
پی سی بی کے مطابق، افغانستان نے مصروفیات کے باعث اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا شیڈول
17 نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے – راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم
19 نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے – راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم
22 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا – قذافی اسٹیڈیم لاہور
23 نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے – قذافی اسٹیڈیم لاہور
25 نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے – قذافی اسٹیڈیم لاہور
27 نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا – قذافی اسٹیڈیم لاہور
29 نومبر: فائنل – قذافی اسٹیڈیم لاہور