کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) گلوبل ساکر وینچرز اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (این ای ڈی) کی جانب سے ساکر سٹی اسٹیڈیم کی تعمیر کیلئے این ڈی میں یونیورسٹی میں گراؤنڈ بریکنگ تقریب کا انعقاد ہوا۔ یہ پہلا اسٹیڈیم ہے جو دونوں اداروں کے درمیان 10سالہ معاہدے کا تحت پاکستان کے پہلے ساکر سٹی کی تعمیر کے سلسلے میں کیا جا رہا ہے۔
این ای ڈی فٹبال اسٹیڈیم کے گرد یہ جدید ترین انفرااسٹرکچر یورپین فٹبال ایسوسی ایشن (یو ای ایف اے) کے معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا جس میں جرمن طرز تعمیر کی جھلک موجود ہوگی۔ گلوبل ساکر وینچرز اس طرز پر فٹبال کے مزید اسٹیڈیمز بھی تعمیر کرے گا تاکہ روشنیوں کے شہر کراچی کو فٹبال کا شہر (ساکر سٹی) بنایا جاسکے۔ پاکستان میں فٹبال کو فروغ دینے کی غرض سے دنیا کی بہترین فٹبال فیسیلٹی میں عالمی معیار کی ایک فٹبال اکیڈیمی بھی تعمیر کی جائے گی۔
اس پر وقار گراؤنڈ بریکنگ تقریب میں بین الاقوامی فٹبال لیجنڈ اور جی ایس وی کے باضابطہ سفیر، مائیکل اوین کے علاوہ این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، جی ایس وی کی اعلیٰ انتطامیہ کے ارکان اور این ای ڈی یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹس نے بھی شرکت کی۔ مائیکل اوین نے یونیورسٹی کے طلباء کے ساتھ بات چیت کی اور انہیں فٹبال کے بارے میں مفید ٹپس بھی دیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائیکل اوین نے کہا ”پاکستان فٹبال کے کھیل کیلئے ایک بہترین ملک ہے اور پاکستانی فٹبالرز کے جنون کی کوئی حد نہیں ہے۔ مجھے پاکستانی فٹبال کی تاریخی ٹرانسفارمیشن کا حصہ بننے پر نہایت خوشی ہے اور میں یقیناً پاکستان میں فٹبال کو بالکل نئی بلندیوں پر لے کر جاؤں گا۔
این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر، ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا ”یونیورسٹی اسٹیڈیم کے گرد جدید ترین انفرااسٹرکچر کی تعمیر نہایت خوشی کی بات ہے۔ اس سے اسٹوڈنٹس اور شہر میں فٹبال کے کھلاڑیوں کو ایسے مواقع دستیاب ہوں گے جن کا عرصے سے انتظار تھا۔ ہمارے نوجوان ٹیلنٹ کو نکھارنے میں بین الاقوامی دلچسپی ہمارے نوجوانوں کے لئے زبردست موقع ہے۔ ہمیں بہت خوشی ہے کہ مائیکل اوین بھی اس زندگی بدل دینے والے ویژن کا حصہ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ اس انفرااسٹرکچر کی تعمیر کے بعد یہ اسٹیڈیم فٹبال کے بین الاقوامی اسٹار تیار کرے گا۔
اس موقع پر جی ایس وی کے گروپ چیئرمین، یاسر محمود نے کہا ”پاکستان میں اعلیٰ سطح کی یونیورسٹی کے ساتھ 10سالہ معاہدہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور اپنی ترقی یقینی بنانے کے حوالے سے حکومت کے ویژن پر عمل درآمد ہے۔ عالمی سطح پر مواقع فراہم کرکے جی ایس وی نوجوانوں کے خوابوں کو حقیقت بنائے گا۔
گلوبل ساکر وینچرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، زیب خان نے کہا ”گلوبل ساکر وینچرز کا مقصد بنیادی سطح پر کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا اور اُنھیں ترقی دینا ہے اور اُسی کے ساتھ اُن کی تعلیم بھی جاری رکھنا ہے۔ اِس طرح وہ ٹاپ کے فٹبال کوچز کی تربیت کے ذریعے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم پاکستانی ٹیلنٹ کو بھی اس کھیل میں آگے بڑھتا ہوا دیکھیں گے۔
واضح رہے کہ سینٹ پیٹرکس ایتھلیٹک سے تعلق رکھنے والے اور یو ای ایف اے سے پرو لائسنس یافتہ کوچز نے کامیاب جوان فٹبال ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت، ملک بھر میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کیلئے ٹرائلز کا سلسلہ پہلے ہی 17جنوری 2022 سے جاری ہے جو 5 فروری 2022 تک جاری رہے گا۔ اس عرصے میں 20 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا جنھیں ڈبلن، آئرلینڈ میں واقع اکیڈیمی بھیجا جائے جہاں ممکنہ طور پر سینٹ پیٹرکس ایتھلیٹک کی پہلی ٹیم کے ساتھ کھیلنے اور تربیت کا موقع ملے گا۔