لاہور (اسپورٹس رپورٹر) پی سی بی اور ایچیسن کالج نے کرکٹ اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کر دیا۔ پی سی بی پاتھ ویز ایونٹ کا حصہ بننے والے تین باصلاحیت اور مستحق کھلاڑیوں کو ہر سال کرکٹ اسکالرشپ سے نوازا جائے گا۔ ایچیسن کالج ان نوجوان کھلاڑیوں کو ساتویں سے نویں جماعت میں داخلہ دے گا۔ یہ نوجوان کھلاڑی اعلیٰ معیار کی تعلیم حاصل کرنے کے علاوہ مختلف سطح پر ایچیسن کالج کی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی بھی کریں گے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر ان نوجوانوں کی کرکٹ کا مسلسل جائزہ لیتا رہے گا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی ایچیسن کالج کرکٹ اسکالرشپ ایک شاندار پروگرام ہے۔ اس پروگرام کا مقصد مستقبل کے لیے باصلاحیت کرکٹرز تیار کرنا اور انہیں کرکٹ کے ممکنہ لیڈر بنانا ہے۔پشاور سے تعلق رکھنے والا 14 سالہ احمد حسین، اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ علی حسنین اور پشاور سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ عثمان خان کو یہ اسکالرشپ دی گئی ہے، احمد حسنین نے انڈر 13 اور 16 مقابلوں میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کرتے ہوئے بالترتیب 283 اور 100 رنز بنائے اس دوران انہوں نے بالترتیب 11 اور 8 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ علی حسنین نے سدرن پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے انڈر 13 ایونٹ میں 274 رنز بنائے۔ عثمان خان نے خیبرپختونخوا انڈر 13 کی طرف سے کھیلتے ہوئے 172 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔