ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میر ویس نیاز کے زیر صدارت لاء اینڈ آڈر کی صوتحال کے متعلق اہم میٹنگ کا انعقاد ریجنل کانفرنس ہال میں کیا گیا۔ میٹنگ میں ڈی پی او ہری پور کاشف ذوالفقار، ڈی پی او مانسہرہ آصف بہادر، ڈی پی او بٹگرام طارق محمود خان اور ڈی پی او اپر کوہستان عارف جاوید نے شرکت کی۔ تمام ڈی پی اوز نے ڈی آئی جی ہزارہ ریجن کو لاء اینڈ آرڈر صورتحال کے متعلق، سنگین مقدمات میں ملوث مجرمان اشتہاریوں غیر ملکیوں کی سیکورٹی، محرم الحرام کے چالیسویں کی سیکیورٹی اور پولیو مہم سیکیورٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔ ڈی آئی جی ہزارہ ریجن میر ویس نیاز نے اس موقع پر ہزارہ ریجن کے تمام ڈسٹرکٹ پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے اپنے اپنے اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیکر گرفتاریاں کی جائے۔
ہفتہ وار پراگرس رپورٹ ریجن آفس ارسال کریں۔ جدید ٹیکنالوجی، فرانزک کی مدد سے اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا جائے دیگر اضلاع میں بھاگ جانے والے اشتہاریوں کو گرفتار کرنے کیلئے ان اضلاع کے افسران سے رابطہ کریں اور پولیس سے مدد حاصل کریں، ۔معززین علاقہ اور سیاسی رہنماؤں کی مدد حاصل کر کے مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاریوں کو ممکن بنایا جائے۔ جو لوگ مجرمان اشتہاریوں کی اطلاع پولیس کو دے انکے ناموں کو صیغہ راز میں رکھا جائے۔ ڈی آئی جی ہزارہ نے اس موقع پر ڈی پی اوز کو مزید ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جتنے بھی غیر ملکی ہزارہ ریجن کے اندر کام کر رہے ہیں تمام کی سیکورٹی کا خاص خیال رکھیں اور غیر ملکیوں کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں اور غیر ملکیوں کو بھی ہدایت دیں کہ وہ بلا ضرورت اپنے رہائشی ایرایا یا پراجیکٹ سائٹ سے باہر ہرگز نہ نکلیں، محرم الحرام کے چالیسویں کے حوالے سے منعقدہ جلوس اور مجالس کی سیکیورٹی انتظامات کو مزید موثر بنایا جائے، جلوس روٹس اور اہم مقامات کا سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کیے جائے مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔
صوبہ میں جاری پولیو مہم کی ٹیموں کو فل پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے اور پولیو سیکیورٹی ڈیوٹی کرنیوالے پولیس افسران کو ہدایات دی جائے کہ وہ دوران ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹس اور ہلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائے اور اسکے ساتھ ساتھ کرونا ایس او پیز پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔