کولمبو (ویب مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا میں ایک گھر میں کنویں کی کھدائی کے دوران بڑا پتھرملا ہے جس پر نیلم پتھر چسپاں ہیں اور ابتدائی مالیت دس کروڑ ڈالر (16 ارب روپے کے برابر) ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کے متعلقہ اداروں نے بتایا کہ شاید یہ دنیا کا سب سے بڑا ذخیرہ ہے جہاں اعلیٰ معیار کے نیلم اتنی بڑی تعداد میں ایک ہی جگہ جمع ہیں۔ بیضوی پتھر کا کل وزن 500 کلو گرام سے زائد ہے جس پر لگ بھگ 25 لاکھ قیراط کے قیمتی پتھر جڑے ہیں۔ مقامی افراد نے بتایا کہ پتھر رتنا پورا کے علاقے میں مکان کے عقب میں کنویں کی کھدائی کے دوران برآمد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ یہ علاقہ پہلے ہی نیلم کے ذخائر کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔ جوہری ماہرین نے’قسمت والا نیلم‘ کا نام دیا ہے جس پر لگے جواہر کی رنگت ہلکی نیلی ہے۔ گھر، پتھر کے مالک گمج نے بتایا کہ پہلے کنواں کھودنے والے نے مجھے بتایا کہ اسے کچھ نایاب نیلم ملے ہیں جنہیں اسٹار سیفائر بھی کہا جاتا ہے۔ گمج کی تیسری نسل جواہرات کے کاروبار سے منسلک ہے۔ پتھر اور مٹی کے اس ڈھیر کو صاف کرکے نیلم نکالنے میں ایک سال کا عرصہ لگا ہے۔