کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) سندھ کے صدر اور سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس- 102 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار یاسر عدیل شیخ نے ملک کے انتخابی نظام کو شدید ترین حکومتی دباؤ کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے تمام ضمنی انتخابات میں بد ترین شکست سے دوچار ہونے والی حکمران جماعت نے ریاست کے انتخابی نظام کو یرغمال بنا لیا ہے. اقتدار چھن جانے اور آئندہ انتخابات میں عوام کی طرف سے شدید رد عمل کے خوف نے مسلط حکمرانوں کو انتخابی عمل کو ہائی جیک کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے سیاسی مستقبل کے بارے میں پیشین گوئیاں کرنے والوں بہت جلد احساس ہو جائے گا کہ میاں محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کی قیادت ہی پاکستان میں جمہوریت کی بقا اور ملکی ترقی کی امید ہے.جس کے زندہ ثبوت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات میں وفاقی حکومت پر قابض جماعت کی مصنوعی کامیابیاں ہیں، مسلم اسٹودنٹس فیڈریشن (ن) سندھ کے صدر یاسر عدیل شیخ نے ایم ایس ایف (ن) کے مرکزی صدر رانا محمد ارشد کی خسوصی ہدایت پر منعقد کئے گئے ایک ہنگامی اجلاس کے شرکاء صوبائی جنرل سیکریٹری عاقب خان تنولی، ڈویژنل صدر سردار محمد سہیل، عادل عمران، ملک عبد الغفور، عثمان یوسفزئی، سینئر رہنما ضماد عالم خان، واصف علی مہر، حازق آرائیں، ابراہیم شاہ، ہدایت اللہ یوسفزئی، اشرف زمان، عبد الرحمن خان و دیگر کے ساتھ خطاب میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور کارکنان کا ایمان ہے کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی شفاف اور منصفانہ انتخابات کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، ملک میں انتخابی نظام کو کنٹرول کرنے کی کوئی بھی کوشش ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کی بے قاعدگیاں اور دھاندلی ریاست پر عوامی اعتماد کو متاثر کر نے کا سبب بن سکتی ہیں عوام انتخابی عمل سے بیزار ہوئی تو جمہوری نظام متاثر ہوسکتا ہے، کامیابیوں اور عوامی مقبولیت کے کھوکھلے دعوے کرنے والے حکمرانوں کے اندرونی حلقے مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں، حکومتی عہدے دار مستقبل کے سیاسی منظر نامے میں جگہ حاصل کرنے کے لئے مسلم لیگ (ن) کی قیادت سے رابطے بھی کر رہے ہیں پاکستان میں جب بھی دھاندلی اور کرپشن سے پاک آزاد انتخابات ہوئے تو وفاق سمیت تمام صوبائی حکومتیں مسلم لیگ (ن) کے پاس ہونگی، یاسر عدیل شیخ نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی غیر موجودگی میں محترمہ مریم نواز شریف نے پارٹی کو بہترین طریقے سے بلندیوں کے عروج پر پہنچایا ہے، ایک تنہا مریم نواز شریف نے حکومتی بیساکھیوں کو تگنی کا ناچ ناچنے پر مجبور کر دیا ہے اور جب میاں محمد نواز شریف بھی محترمہ مریم نواز شریف کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہے ہوں گے پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) واحد سیاسی قوت کے طور پر کامیابیاں سمیٹتی نظر آئے گی۔