کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) کے مرکزی صدر و پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری رانا محمد ارشد نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر کراچی کے حلقے این اے-243 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شیخ محمد شاہجہاں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے وفاقی بجٹ کی طرح پنجاب کا بجٹ بھی صوبے کے عوام کے لئے بد ترین مسائل کا بجٹ بن کر سامنے آیا ہے، وفاق کی طرح پنجاب کا بجٹ بھی عمران خان اور ان کے وسیم اکرم پلس کی نااہلیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، مسلط حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، کرپٹ اور مافیاؤں کی عمران حکومت مزید اقتدار میں رہی تو پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لئے خطرات بڑھ سکتے ہیں، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر رہنما صوبائی ڈپٹی سیکریٹری رانا محمد ارشد نے کہا کہ عمران خان حکومت ناکامیوں کے اندھے کنویں میں گر چکی ہے لیکن اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنے کی بجائے ملک اور قوم کے لئے مزید مسائل کھڑے کر رہی ہے، حکومت کے جھوٹے اعداد و شمار اور بجٹ کی دیومالائی کہانیاں ملک میں نہ کرپشن ختم کر سکی ہیں اور نا ہی مہنگائی کا جن حکومت کے کنٹرول میں آسکا ہے کیونکہ مہنگائی اور کرپشن کے سارے کردار عمران خان کی اے ٹی ایم مشینیں بن چکے ہیں، رانا محمد ارشد نے مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما شیخ محمد شاہجہاں و سندھ میں پارٹی کی منظم تنظیم اور پارٹی کارکنوں کو فعال بنانے کے سلسلے میں اہم مشورے دیتے ہوئے کہا کہ قائد میاں محمد نواز شریف کی خواہش ہے کہ سندھ کا آئندہ وزیر اعلی پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہونا چاہیئے اس لئے مسلم لیگ (ن) سندھ، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) سندھ سمیت تمام ذیلی تنظیموں کے لئے قائد محترم کی خصوصی ہدایت ہے کہ عوام سے رابطوں، حلقوں کے مسائل کی جامع معلومات اور سندھ کے عوام تک پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ترقی کا ایجنڈا پہنچانے کے لئے متحرک ہوجائیں، رانا محمد ارشد نے کہا کہ نا اہل، کرپٹ اور مسلط حکومت کی بدترین ناکامیوں کی وجہ سے ریاست کسی بھی وقت نئے انتخابات کی طرف جا سکتی ہے، نئے انتخابات ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر لڑے جائیں گے، مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر شیخ محمد شاہجہاں نے رانا محمد ارشد کو بتایا کہ سندھ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سید شاہ محمد شاہ، مفتاح اسماعیل اور محمد زبیر اور دیگر سینئر رہنماؤں کی قیادت میں بہترین کارکردگی کے سفر پر گامزن ہے، سندھ کی قیادت کو یقین ہے کہ نئے انتخابات میں سندھ کا ہر باشندہ میاں محمد نواز شریف کے نظرئیے کا سپاہی بن کر ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا۔