ایبٹ آباد (رپورٹ: عتیق سلیمانی) ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ہزارہ ریجن میرویس نیاز کی خصوصی ہدایت پر ہزارہ کے تمام اضلاع میں موٹر سائیکل حادثات کی روک تھام کیلئے بغیر نمبر پلیٹ، بغیر ہلمٹ، کم عمر، تیز رفتار، بغیر کاغذات غیر نمونہ نمبر پلیٹ استعمال کرنے والے موٹر سائیکل رائیڈروں کیخلاف ہفتہ وار مہم چلائی گئی۔ مہم کے دوران ہزارہ بھر میں 9371 موٹر سائیکل رائیڈروں کیخلاف کارروائی میں لائی گئی جن میں 1438 کم عمر موٹر سائیکل سواروں کے موٹر سائیکلوں کو بند کیا گیا اس کے علاوہ 1544 بغیر ہلمٹ، 1519 غیر نمونہ نمبر پلیٹ، 704 بغیر نمبر پلیٹ، 916 تیز رفتار، 651 بغیر کاغذات اور 2599 دیگر خلاف ورزیاں کرنیوالے موٹر سائیکل رائیڈرز شامل ہیں۔ ڈی آئی جی ہزارہ میرویس نیاز نے اس حوالے سے کہا کہ اس مہم کا مقصد موٹر سائیکل حادثات میں کمی لانا اور موٹر سائیکل رائیڈروں کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کروانا ہے، ڈی پی اوز آئندہ بھی اپنے اپنے اضلاع میں ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف اس مہم کو جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسکول، کالج اور یونیورسٹی کے سربراہان کو تحریری طور پر گزارشات بھیجی جائے کہ وہ اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں کم عمرموٹر، بغیر ہلمٹ اور بغیر کاغذات کے موٹر سائیکل رائیڈروں پر پابندی عائد کریں، ٹریفک پولیس اسٹاف ان جگہوں پر آگاہی فراہم کرنے کیلئے ورکشاپس اور سیمینار کا بھی انعقاد کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم عمر موٹر سائیکل رائیڈروں کے موٹر سائیکل بند کرکے انکے والدین سے بیان حلفی بھی لی جائے اور انکو سختی سے ہدایات دی جائے کہ اگر آئندہ انکا بچہ اس کا مرتکب ہوگا تو والد یا دیگر سربراہ کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس لیے والدین کو بھی چائیے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کوموٹر سائیکل ہرگز نہ چلانے دیں اسکے علاوہ بغیر ہلمٹ، تیز رفتار اور بغیر کاغذات کے بھی موٹر سائیکل نہ چلائے تاکہ والدین کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اسکے ساتھ انکے بچے کو دوران سفر جانی تحفظ بھی فراہم ہوسکیں۔