کوئٹہ (رپورٹ: حمیر قاضی) حکومت بلوچستان نے ضلع قلعہ عبداللہ کو 2 اضلاع بنانے اور لورالائی ڈویژن کے قیام کی منظوری دے دی۔ پیر کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبے بھر میں نئے ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں کے قیام کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، سیکرٹری بلڈنگ، سیکرٹری اطلاعات سمیت کمشنر کوئٹہ، کمشنر ژوب نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی کمیٹی کی جانب سے صوبے میں نئے ڈویژن، اضلاع اور تحصیلوں کے قیام کے حوالے سے تجاویز اور سفارشات اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے لینڈ الاٹمنٹ کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی اجلاس میں بلوچستان بھر میں نئے اضلاع اور ڈویژن کے قیام سے متعلق پیش کردہ سفارشات کا تفصیلی جائزہ اور اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان نے ضلع قلعہ عبداللہ کو دو اضلاع بنانے اور لورالائی ڈویژن کے قیام کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیر اعلیٰ کی صوبے بھر میں باقی اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام کے لئے کمیٹی کو تمام عوامل کا جائزہ لینے اور کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ نئے اضلاع اور ڈویژنوں کے قیام سے سروس ڈیلیوری، مالی اور انتظامی امور کی انجام دہی میں بہتری آئے گی۔