گجرات (رپورٹ: مرزا عادل رحمان) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کھاریاں کا دورہ کیا، مغلیہ دور میں تعمیر ہونیوالی تاریخی باولی کی بحالی کیلئے کام کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ کھاریاں میں مغلیہ دور کی باولی کی بحالی کا کام رواں مالی سال کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا، اکبر اعظم کے دور میں تعمیر ہونیوالی باولی کی بحالی سے کھاریاں کی تاریخی اہمیت اجاگر ہونے کے ساتھ علاقہ میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کھاریاں میں تاریخی باولی پر بعض عناصر نے ناجائز قبضہ کر لیا تھا، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق یہ قبضہ ختم کرانے کے بعد اسکی بحالی کا کام شروع کیا گیا ہے اور ابتک 20 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ تاریخی باولی کی اصل حالت میں بحالی کیلئے تمام وسائل اور مہارت بروئے کار لائے جائیں، متعلقہ افسران جاری کام کی خود نگرانی کریں تاکہ تاریخی ورثہ کو کسی قسم کے نقصان کا اندیشہ لاحق نہ ہو سکے۔