کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سندھ کے وزیر صنعت و تجارت اور محکمہ امداد باہمی اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھریجو نے وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعی یہ بات حیرت انگیز ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک میں لاک ڈاؤن کرنے پر راضی نہیں ہیں جبکہ موجودہ صورتحال میں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے کیونکہ کورونا وائرس کے خطرے نے دنیا کو مفلوج کردیا ہے اور پاکستان میں بھی یہ تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو یہاں جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے مقاصد کے لئے ملک کو اس وقت بند کر دیا جب وہ حزب اختلاف میں تھے اور پاکستان کی معیشت کو ایک بہت بڑا نقصان پہنچا اور یہ کہتے ہوئے واقعی افسوس ہوا کہ جب ملک کو لاک ڈاؤن کرنے کی اشد ضرورت ہوئی تو وہ اس پر راضی نہیں ہیں جو ناقابل فہم ہے۔ جام اکرام اللہ دھریجو نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت اور وژن پر عمل کرتے ہوئے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے صحیح اقدامات اٹھا رہے ہیں اور انہوں نے بجا طور پر سندھ کو لاک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ جلد یا بدیر وفاقی حکومت عوام کو مہلک کورونا وائرس سے بچانے کے لئے لوگوں کے مفاد میں حکومت سندھ کے اقدامات پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے سندھ کے عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ سندھ حکومت کے ساتھ بھی تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے اس کے علاوہ کوئی دوسرا حل نہیں کہ ہم ایک دوسرے سے فاصلہ برقرار رکھیں اور نہ صرف خود بلکہ اپنے پیاروں کو بھی بچانے کے لئے گھروں پر ہی رہیں۔
![]()