کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے آخری گروپ میچ میں کوئٹہ گلیڈٰی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میچ میں کامیابی کے باوجود دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈٰی ایٹرز کی ٹیم کم رن ریٹ کے باعث ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل نہ کرسکی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 151 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ شین واٹسن اور خرم منظور نے نصف سنچریاں بنائیں سیمی فائنل میں رسائی کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو مطلوبہ ہدف 20 گیندوں پر حاصل کرنا تھا۔ کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مڈل آرڈر بیٹسمین کیمرون ڈیلپورٹ کے علاوہ کنگز کا کوئی بلے باز بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا تیس رنز پر ابتدائی دو وکٹیں (شرجیل خان 0 اور افتخار احمد21) گنوانے کے بعد کراچی کنگز کے کیمرون ڈیلپورٹ نے میدان کا رخ کیا۔ انہوں نے اوپنر بابر اعظم اور مڈل آرڈر بلے باز چیڈوک والٹن کے ہمراہ بالترتیب 42 اور 73 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 150 کے پاس پہنچایا۔ کیمرون ڈیلپورٹ نے 44 گیندوں پر 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ بابراعظم 32 اور چیڈوک والٹن 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ اسامہ میر 1 اور محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود رہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نسیم شاہ نے 2 جبکہ فواد احمد، محمد حسنین اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر احمد شہزاد بغیر کوئی رنز بنائے پویلین واپس لوٹے تو شین واٹسن نے خرم منظور کے ہمراہ جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 118 رنز کی شراکت قائم کی۔ شین واٹسن نے 194 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے۔ خرم منظور 9 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 63 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس دوران سرفراز احمد 2 اور بین کٹنگ صفر رنز بناکر پویلین واپس لوٹے 139 کے مجموعے پر 5 وکٹیں گنوانے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 34 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے۔ اعظم خان نے 12 اور محمد نواز نے 8 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 16.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بناکر فتح حاصل کرلی کراچی کنگز کے ارشد اقبال اور وقاص مقصود نے 2،2 جبکہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی شین واٹسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
![]()