کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے طبی اور احتیاطی ہتھیاروں سے مقابلہ کر کے وائرس کو شکست دینے میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔ اس سلسلے میں ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن کا کردار قابل خراج تحسین ہے۔ وہ (سی پی او) اپنے دفتر میں آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن، جنرل سیکریٹری اسلم پولانی کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر میڈیسن تاجر قائدین نے آئی جی سندھ مشتاق مہر کو سندھ پولیس کے لیے 10 ہزار سرجیکل ماسک اور 5 ہزار ہینڈ گلوز (دستانے) عطیہ میں دیئے۔ ہول سیل کراچی فارما آرگنائزیشن نے سندھ پولیس کے لیے مجموعی طور پر 25 ہزار سرجیکل ماسک اور 12 ہزار ہینڈ گلوز عطیہ کیے۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر سے ملاقات میں آرگنائزیشن کے صدر زبیر میمن، اور جنرل سیکریٹری اسلم پولانی نے میڈیسن کے حوالے سے آئی جی سندھ کو اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اور بتایا کہ وہ آئندہ ایک ہفتہ کے دوران ایک مرتبہ پھر میڈیسن مارکیٹ کے باہر کیمپ لگا کر عوام الناس میں ہزاروں ماسک فری تقسیم کرینگے۔ آئی جی سندھ مشتاق مہر نے ان کی کاوشوں کو سراہا اور سندھ پولیس کو سرجیکل ماسک عطیہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے میڈیسن مارکیٹ کے باہرماسک کی فری تقسیم کے موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے بارے میں متعلقہ پولیس افسران کیلئے احکامات جاری کیے۔ وفد کے قائدین زبیر میمن اور اسلم پولانی نے بھی آئی جی سندھ مشتاق مہر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ پولیس کو آپ جیسے افسران کی ضرورت ہے۔
![]()