کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن) کے صوبائی صدر یاسر عدیل شیخ نے صوبائی جنرل سیکریٹری عاقب خان تنولی و دیگر رہنماؤں کے ساتھ گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) ہاؤس کارساز میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال سے ملاقات کی اور انہیں سندھ میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی تنظیمی، سیاسی اور تعلیمی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی اور مرکزی قیادت کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بارے میں صوبے کے نوجوان طبقے کے جذبات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں قائد نواز شریف کی مقبولیت کا گراف آسمانوں کو چھو رہا ہے۔ سندھ کے نوجوان میاں محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کی سندھ آمد کے منتظر ہیں اور چاہتے ہیں کہ میاں محمد نواز شریف سندھ کو اپنی سیاسی جدوجہد کا مرکز بنائیں۔ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن سندھ کے صوبائی صدر یاسر عدیل شیخ نے کراچی کے نجی تعلیمی ادارے کی طرف سے سیکڑوں طلبہ و طالبات کا تعلیمی مستقبل تاریک کرنے کی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجوکشن کمیشن کی طرف سے متعدد ناموں سے کام کرنے والی علما یونیورسٹی کی انتظامیہ منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے کراچی کے سیکڑوں طلبہ و طالبات کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں۔ نجی تعلیمی ادارے کی انتظامیہ کی پشت پر کچھ سیاسی رہنما ہیں جو کراچی کے طالب علموں سمیت سندھ میں مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا راستہ روک رہے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سینئر نائب صدر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے ایم ایس ایف (ن) سندھ کی قیادت کو اپنی سرگرمیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایات کے ساتھ اپنی بھرپور معاونت کا بھی یقین دلایا۔ صوبائی صدر یاسر عدیل شیخ کے مطابق سندھ کو قائد نواز شریف کا دوسرا قلعہ بنانے کے لئے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن سندھ کی قیادت کو گرین سگنل مل گیا۔ آئندہ انتخابات میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال کی قیادت میں سندھ کے عوام میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ کسی سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے کو طالب علموں کے مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔
![]()