کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سوشل میڈیا اور انٹرویو پر پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی سے ملاقات اور پی ایس ایل میچ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کرنیوالے کوئٹہ کے معذور نوجوان سعید اللہ کی خواہش پوری ہوگئی، پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی کی خصوصی دعوت پر سعید اللہ میچ دیکھنے نینشل اسٹیڈیم کراچی پہنچے اور اونرز ڈگ آؤٹ میں جاوید آفریدی کے ساتھ بیٹھ کر میچ انجوائے کیا۔ سعید اللہ نے انٹرنیٹ رپورٹ میں جاوید آفریدی سے ملاقات اور پی ایس ایل میچ دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، جاوید آفریدی نے گرمجوشی سے اسٹیڈیم میں سعید اللہ کا خیرمقدم کیا۔ اور سعید اللہ کے ساتھ خوب گپ شپ لگائی۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ سعید اللہ جیسے فینز ہماری طاقت ہیں، فینز کی سپورٹ سے پی ایس ایل برانڈ بن چکی ہے۔ سعید اللہ نے کہا نیشنل اسٹیڈیم میں پشاور زلمی کا میچ دیکھنا اور جاوید آفریدی سے ملاقات ایک خواب کی طرح محسوس ہورہا ہے۔ وہ کوئٹہ سے کراچی مدعو کرنے اور مہمان نوازی پر جاویدآفریدی اور پشاور زلمی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
![]()