کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) سرطان کے علاج کے لیے دنیا کی مہنگی ترین سائبر نائف ٹیکنالوجی کا دوسرا یونٹ بھی جناح اسپتال میں قائم کردیا گیا۔ دنیا میں سائبر نائف روبوٹک سرجری وعلاج کی صرف 350 مشینیں موجود ہیں نیا سائبر نائف ٹیکنالوجی یونٹ ساٹھ کروڑ روپے میں خریدا گیا پاکستان میں سائبر نائف ٹیکنالوجی علاج صرف سندھ میں دستیاب ہے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر کا سائبر نائف اب تک 8 ہزار سے زائد مریضوں کو مفت علاج فراہم کرچکا ہے۔ دنیا بھر میں کینسر کے علاج کے لیے سائبرنائف ٹیکنالوجی کی مد میں نوے ہزار سے ایک لاکھ ڈالر لیے جاتے ہیں، جناح ہسپتال میں کینسر کے علاج کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جاتی، جے پی ایم سی کے سائبر نائف یونٹ میں دنیا کے بارہ ممالک اور 135 شہروں سے مریض مفت علاج حاصل کرچکے ہیں۔ سائبر نائف روباٹک ریڈیالوجی کا نیا یونٹ قریبا چار اعشاریہ ایک ملین ڈالر کی لاگت سے قائم کیا گیا ہے اس سے قبل بھی دو ہزار بارہ میں سندھ حکومت اور مریض بہبود فاؤنڈیشن نے سائبر نائف روباٹک یونٹ قائم کیا تھا، جناح ہسپتال میں قائم ہونے والے سائبر نائف روباٹک سرجری یونٹ نے اب تک دنیا بھر کے 8000 سے زائد کینسر کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی ہے۔ جناح ہسپتال کے ہیڈ آف سائبر نائف وشعبہ ریڈیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرطارق محمود نے بتایا کہ کینسر کے مریضوں کی تعداد میں اضافے اور اس مرض کے پیچیدہ اور مہنگے علاج کے لیے دنیا بھر سے لوگ یہاں آتے ہیں۔ سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے جناح ہسپتال میں دوسرے سائبر نائف روبوٹک یونٹ کے آپریشنل ہونے کو سندھ حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں جس کے لیے حکومت سندھ پرعزم ہے۔
![]()