Home / اہم خبریں / حکومت سندھ 12 برسوں سے شہری علاقوں کو تاراج کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔ میرپورخاص شہر کو تاحال فنڈز جاری نہیں کئے گئے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی انجینئر کامران شیخ

حکومت سندھ 12 برسوں سے شہری علاقوں کو تاراج کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہے۔ میرپورخاص شہر کو تاحال فنڈز جاری نہیں کئے گئے۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی انجینئر کامران شیخ

میرپورخاص (رپورٹ: ایم ہاشم شر) حق پرست چیئرمین میونسپل کمیٹی انجینئر کامران شیخ اور وائس چیئرمین فرید احمد خان نے میرپورخاص پریس کلب کے باہر ایک پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی نسل پرست حکومت گذشتہ 12 برسوں سے سندھ کے شہری علاقوں کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کی منظم سازش پر عمل پیرا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے دیگر شہروں سمیت میرپورخاص میں بھی بلدیاتی نمائندے مفاد عامہ میں کوئی قابل ذکر کام نہیں کرسکے۔ ایک طرف تو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مفاہمت اور سندھ کے ہر شہر کی تعمیر و ترقی کی بات کرتے ہیں دوسری جانب انہی کے تعینات کردہ بلدیاتی افسر میرپورخاص شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے کے ایجنڈے پر کاربند ہیں۔ آٹھ لاکھ نفوس پر مشتمل شہر میرپورخاص کو تاحال حکومت سندھ کی جانب سے فنڈز فراہم نہیں کئے گئے۔ صوبائی لوکل گورنمنٹ کی جانب سے فراہم کردہ او زیڈ ٹی شیئرز ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی، فیول، واپڈا اور دیگر اخراجات کی مد میں خرچ ہوجاتا ہے۔ میونسپل کمیٹی میرپورخاص کے اپنے ذرائع آمدن سے جمع شدہ اس وقت کروڑوں روپے صفائی ستھرائی، فلاح و بہبود اور ترقیاتی اسکیموں کے لئے موجود ہیں لیکن چند عوام دشمن عناصر جنہیں سیاسی پشت پناہی حاصل ہے میرپورخاص کی ترقی نہیں چاہتے بلکہ منتخب حق پرست بلدیاتی قیادت کو شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے روکنے کے لئے سازشوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے مطابق تمام تر اختیارات چیئرمین میونسپل کمیٹی کو حاصل ہیں لیکن حکومت سندھ نے ایک ایسا سرکاری افسر میرپورخاص پر مسلط کردیا ہے جو گذشتہ کئی برسوں سے میرپورخاص کی ترقی اور مفاد عامہ کے کاموں میں رخنہ اندازی کرکے شہری ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کے درپے ہے۔ سی ایم او شفیق شاہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے مطابق چیئرمین کا ماتحت ہے اور اس کی حیثیت صرف ایک سپروائزر کی ہے اور اسے کسی بھی قسم کے مالی اختیارات حاصل نہیں ہیں لیکن سیاسی آقاؤں کی آشیرباد سے سی ایم او بلدیہ نے میرپورخاص کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتخب بلدیاتی قیادت نے میرپورخاص کے تمام وارڈز میں مساوی ترقیاتی کام کرانے کے لئے میونسپل کونسل میں قراردادیں متفقہ طور پر منظور کرکے تمام تجاویز لوکل گورنمنٹ سندھ کو منظوری کے لئے بھیجی ہیں جبکہ این آئی ٹی منظور ہوچکی ہے لیکن مذکورہ سرکاری افسر کھلے عام قانون شکنی کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں، صحت و صفائی سمیت مفاد عامہ کے دیگر کاموں میں سب سے بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ مذکورہ سرکاری افسر نے سیاسی آقاؤں کی پشت پناہی سے بلدیاتی نظام کو مکمل طور پر مفلوج کردیا ہے۔ سی ایم او بلدیہ اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے منتخب عوامی نمائندوں کے منظور کردہ کاموں میں مستقل مداخلت کررہا ہے۔ اس حوالے سے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کو سینکڑوں مراسلے ارسال کئے گئے لیکن عوام دشمن سی ایم او بلدیہ آج تک اپنی کرسی پر براجمان ہے اور تاحال اس کے خلاف کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب ایک منظم سازش کے تحت ایم کیو ایم پاکستان کے ووٹ بینک پر نقب لگانے کے لئے کیا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے مقامی ایم پی اے کے ایما پر میرپورخاص شہر کو تاراج کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ گذشتہ روز جیالے سی ایم او نے 122 سینٹری ورکرز کا پریس کلب پر احتجاج کروایا جس کی قیادت پیپلز پارٹی کا لیبر کونسلر عاقل بابر کر رہا تھا۔ آج تمام حقائق عوامی عدالت میں پیش کر دیئے۔ عوام اور صحافی برادری شہری ترقی کی راہ میں رکاوٹ، عوام دشمن ٹولے کے خلاف جہاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کرنے والے سی ایم او شفیق شاہ کے خلاف سوموٹو نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور سیکریٹری سندھ سے مطالبہ کیا کہ سی ایم او شفیق شاہ کا فی الفور تبادلہ کیا جائے اور میرپورخاص سے محبت رکھنے والے ایماندار افسر کو تعینات کیا جائے۔

About admin

یہ بھی پڑھیں

قلندرز کی دھماکہ خیز فتح، زلمی کی فتوحات کا سلسلہ تھم گیا

لاہور، (رپورٹ، ذیشان حسین/اسپورٹس رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اہم مقابلے میں …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے