ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ: گوہر غنچہ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ کیپٹن ریٹائرڈ واحد محمود کی زیر صدارت ان کے دفتر میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں نیشنل ایکشن پلان کی عملداری ، کاﺅنٹر کرائم ، قیام امن ، خدمت عامہ کے عوامل ، انتظامی امور میں پولیس کی استعداد کار بڑھانے اور فورس کے جوانوں کی ویلفئیر کے لئے جامع اقدام اٹھانے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں سب ڈویژنل پولیس آفیسران اور ایس ایچ اوز بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں ضلع بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال ، جرائم کی شرح ، پولیس کی استعداد کار اور تھانوں میں درج مقدمات کی تفتیشی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں جامع حکمت عملی طے کر لی گئی ہے ۔ اجلاس میں خدمت عامہ اور لوگوں کی داد رسی کے لئے قائم پولیس اسسٹنز لائن ، پولیس ایکسس سروسز اور ڈی آر سی کی کارکردگی پر باہمی تبادلہ خیال کیا گیا اور عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی تفتیش میں ہونے والی پیش رفت پر سیر حاصل بحث کی گئی، اجلاس کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال اور انسداد جرائم کی شرح کو اطمینان بخش قرار دیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء پر زور دیا گیا کہ وہ ماتحت پولیس عملے کی ویلفیئر کے لئے جامع اقدام اٹھائے۔ قانون و انصاف اور میرٹ کی بالا دستی کو ہر صورت مقدم رکھتے ہوئے جرائم کی منظم بیخ کنی کو یقینی بنایا جائے گا اور تھانوں میں آنے والے سائلین خصوصاََ مظلوموں کی داد رسی اور انہیں انصاف کی فراہمی میں کوئی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی پی او ڈیرہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں خود جا کر عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کرنے کے لئے زیادہ سے زیادہ کھلی کچہریوں کا انعقاد کریں اور علاقائی امن معاشرتی جرائم کے بہتر تدارک کے لئے مقامی عمائدین، منتخب عوامی نمائندے، علمائے کرام اور مساجد کے آئمہ کیساتھ مل کر پیشہ ورانہ فرائض موثر انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے پولیس آفیسران کو مزید ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقہ اختیار کی حدود کے اندر واقع مساجد و مدارس، امام بارگاہوں اور اقلیتوں کی عبادت گاہوں سمیت تمام حساس مقاما ت کی سیکیورٹی عوامل کا بذات خود جائزہ لے کر مقامات کے تحفظ کے لئے فول پروف حفاظتی اقدامات اٹھائے اور مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت و نگرانی کے لئے وضع کردہ جامع ایس او پیز موثر عملداری یقینی بنائے۔
![]()