کراچی (رپورٹ: ذیشان حسین) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی رابستان خان نے لیاری ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ خدا کی بستی سرجانی ٹاؤن میں لینڈ مافیا کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی نااہلی کے باعث علاقے میں پلاٹوں اور زمینوں پر قبضہ کیا جارہا ہے، جس کی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ گزشتہ روز جاری بیان میں رابستان خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ملک میں تبدیلی کے عمل کے لیے حقیقی جدوجہد کررہی ہے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ سندھ کی صوبائی حکومت اس کی راہ میں روڑے اٹکارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی شہر کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر سامنے آئی تھی اور ہم نے عوام کے مسائل حل کرنے کا تہیہ کیا ہوا ہے تاہم پیپلز پارٹی کی نااہل صوبائی حکومت کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ رابستان خان نے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن خدا کی بستی میں لیاری ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ میں لینڈ مافیا کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں کھلے عام چائنہ کٹنگ، پلاٹوں اور زمینوں پر قبضے کا عمل جاری ہے لیکن پولیس اور متعلقہ اداروں نے اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان عناصر کو صوبائی حکومت میں شامل لوگوں اور پولیس کی سرپرستی حاصل ہے۔ علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی وجہ سے عوام شدید پریشان ہیں اور انہیں اپنے سروں کی چھت اور زمین چھن جانے کا خدشہ محسوس ہورہا ہے۔ رابستان خان نے کہا کہ اگر لینڈ مافیا کی سرگرمیوں کو لگام نہیں دی گئی تو لیاری سیٹلمنٹ پروجیکٹ اپنی افادیت کھو بیٹھے گا۔
![]()